وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر “ریفرنڈم کرا لیں اور اگر عوام کہتی ہے نہیں بننے چاہییں تو میں 100 فیصد ان کے ساتھ ہوں کہ نہیں بننے چاہییں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”پارلیمنٹ میں موجود ہم سارے لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سپریم ہے تو میری تمام سیاسی جماعتوں سے ایک ہی درخواست ہے کہ۔۔۔وہ ایک ریفرنڈم کرا لیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”اگر عوام کہتی ہے کہ (صوبے) بننے چاہییں تو (پھر) بننے چاہییں۔“
محسن نقوی نے واضح کیا کہ صوبوں کے معاملے پر ہر ایک کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور ہر پارٹی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے ’فرد کی رائے‘ سے اختلاف کر سکتی ہے۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ’اپنا مؤقف ہے‘ اور اسی طرح کچھ جماعتیں صوبوں کے حق میں ’آفیشلی‘ نہیں بولتیں، ان کا اپنا مؤقف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کی ’رائے بالکل ضروری ہے‘ اور ان کی رائے کو رد نہیں کیا جا رہا ”لیکن میرا خیال ہے کہ اس معاملے کا بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لیں۔“
اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ سامنے آنے والی سروے رپورٹس میں بھی اکثریت کا یہی مؤقف ہے کہ ’صوبے بننے چاہییں‘۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ ان کے پاس ریفرنڈم سے زیادہ ’بہتر حل‘ ہے تو ”وہ بھی اب عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے کہ اس سے بہتر حل بھی موجود ہے۔“
یاد رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر بحث محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے اپنے ہی ایک بیان سے پھوٹی تھی جس میں انہوں نے ’نظام کے ڈھ جانے‘ کے بعد ’نئے انتظامی یونٹس‘ پر سنجیدہ غور کرنے کی اپیل کی تھی۔
مولانا کے خلاف ’انتقامی کارروائی‘ کی تردید
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف ’انتقامی کارروائی‘ کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت کسی ایک شخصیت کو نشانہ بنا کر نوٹس جاری نہیں کیے جا رہے بلکہ تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم گزشتہ 4 سے 5 ماہ سے جاری ہے اور اسلام آباد کی زمین پر بڑے پیمانے پر قبضے کیے گئے ہیں، جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے والے اداروں کی محنت اس وقت ضائع ہو جاتی ہے جب ملزمان عدالتوں سے رہائی حاصل کر لیتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہر ملزم کو قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔
سرکاری اداروں میں کرپشن کا اعتراف
وزیر داخلہ نے سرکاری اداروں میں بدعنوانی کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسے شواہد کے ساتھ بے نقاب کرکے اس کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی سخت اقدامات کے باوجود بدعنوانی کے معاملات سامنے آئے جن میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے 17ویں گریڈ کے ایک سرکاری افسر کو گرفتار کیا ہے جو آفس مینجمنٹ گروپ سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ ایف آئی اے سی ڈی اے کے بڑے مقدمات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور حکومت میں شامل دیگر جماعتیں اہم ہیں اور کوئی بھی بڑا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت میں شامل جماعتیں مل کر کام کریں گی۔
کیا پی ٹی آئی کے لیے ’کوئی گنجائش‘ نکالی جا رہی؟
محسن نقوی سے ایک صحافی نے جیل میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ان کے وکلا کی 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کا حوالہ دے کر ان کے لیے ’گنجائش نکالے‘ جانے کے امکان کے بارے میں سوال کیا۔
اس پر انہوں نے کہا کہ وہ 2، 3 روز سے افواہیں سن رہے کہ ہیں کہ ”پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہو سکتا ہے۔“ تاہم انہوں نے ایسی توقعات اور تجزیوں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ “یہ 2، 3 دنوں کے لیے ’اچھی اسٹوریز‘ ہوتی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “جو ان (عمران خان اور پی ٹی آئی کا) قانونی حق ہے وہ ان کو ملے گا اور جو عدالت سے ’چیز‘ ہے وہ ان کو ملے گی”۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ ”ساری کی ساری چیزیں ویسی ہی ہیں اور کوئی فرق نہیں۔“
