پورٹو ریکو کی حسینہ جینیفر بیریٹو نے مس یونیورس 2026 کا تاج اپنے نام کر لیا، تاہم عالمی مقابلہ حسن ایک بار پھر تنازعات اور انتظامی مشکلات کے باعث خبروں کی زینت بن گیا۔
مس یونیورس کا عالمی مقابلہ اس سال پورٹو ریکو میں منعقد ہوا، جو اس جزیرے کیلیے ایک بار پھر اعزاز کی بات ہے، 75 سالہ تاریخ میں یہ چوتھا موقع ہے جب پورٹو ریکو نے اس مقابلے کی میزبانی کی۔ اس سے قبل 1972، 2001 اور 2002 میں بھی یہاں مس یونیورس کے مقابلے منعقد ہو چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2001 میں پورٹو ریکو کی ہی حسینہ ڈینس کوئینونیز نے مس یونیورس کا تاج جیت کر ملک کا نام روشن کیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق 27 سالہ جینیفر بیریٹو 2001ء کے بعد اپنے ملک کے لیے یہ تاج جیتنے والی دوسری خاتون ہیں۔ کامیابی کے بعد جینیفر بیریٹو کو 3 ہزار 150 ہیروں سے مزین تاج پہنایا گیا۔
پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان جوآن میں ہونے والے مقابلہ حسن میں مجموعی طور پر 115 حسیناؤں نے حصہ لیا، ویزا مسائل اور کاروباری تنازعات کے باعث متعدد امیدوار مقابلے سے دستبردار ہو گئی تھیں۔
جینیفر بیریٹو پیشے کے اعتبار سے سوشل ورکر ہیں، انہوں نے نفسیات اور کلینیکل سوشل ورک میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ مس یونیورس کا تاج جیتنے والی پہلی شادی شدہ خاتون اور پہلی ماں ہیں، جنہوں نے تین سال قبل شادی شدہ خواتین اور بچوں کو جنم دینے والی امیدواروں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
مقابلے میں ججز کی جانب سے دیے گئے نمبروں کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔ اس کے بعد 30 امیدواروں نے اسٹیج پر سوئمنگ کاسٹیوم میں واک کی، جن میں سے 12 کو شام کے لباس کے مقابلے کیلیے منتخب کیا گیا، جبکہ آخری پانچ امیدواروں سے مس یونیورس مقابلے کی اہمیت اور دنیا کو درپیش مسائل سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے گئے۔
اگرچہ فائنل تقریب کسی بڑے خلل کے بغیر مکمل ہوئی، تاہم اس سال کے مقابلے کو کئی ماہ سے مختلف تنازعات کا سامنا رہا۔ نیپال اور افریقی ممالک کی پانچ امیدواروں کو امریکی ویزے کے حصول میں مشکلات اور تاخیر کے باعث مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔
دوسری جانب مس یونیورس آرگنائزیشن اور تھائی کاروباری شخصیت ناوات اتساراگریسل کے درمیان معاہدے سے متعلق تنازع کے باعث انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام کی حسینائیں بھی فائنل مقابلے میں شریک نہیں ہو سکیں۔
واضح رہے کہ مس یونیورس کے مقابلے اب امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس پر پہلے کی طرح نشر نہیں ہوتے تاہم لاطینی امریکی کمیونٹیز میں اس کی مقبولیت برقرار ہے۔ ہسپانوی زبان کے ٹی وی چینل ٹیلی منڈو کے مطابق 2025 کے فائنل کو 26 لاکھ افراد نے دیکھا تھا، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 21 لاکھ تھی۔



