خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں شاہ تل روڈ پر گاڑی الٹنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ تل سے جدباء جانے والی ڈاٹسن کو گیگانی کنڈاؤ کے مقام پر حادثہ پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سواریوں کی گاڑی کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں مولانا سمیع اللہ، سخیم اللہ، ڈرائیور حکیم خان، کریم اور دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے ضلع تورغر کی تحصیل کنڈر حسن زئی کے علاقے کڑاک حسن زئی میں چند روز پہلے بھی افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری تھی تاہم اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
تورغر خیبر پختونخوا کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے، جہاں بیشتر رابطہ سڑکیں تنگ، بل کھاتی اور گہری کھائیوں کے درمیان سے گزرتی ہیں۔ ان سڑکوں پر سفر کے دوران گاڑیوں کو موڑ کاٹنے اور دشوار گزار راستوں سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جبکہ تیز رفتاری یا ڈرائیور کی غفلت کے باعث حادثات کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔



