پاکپتن کی تحصیل عارفوالا میں ملتان روڈ پر مسافر کوسٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ بورے والا روڈ پر پیش آیا، جہاں ملتان سے پاکپتن آنے والی مسافر کوسٹر سامنے سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال عارفوالا منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بورے والا میں بس اور آئل ٹینکر کے تصادم میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
خیال رہے 5 نومبر کو پاکپتن کی دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں 14 خواتین بھی شامل تھیں۔



