ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکا بندی ایران کیخلاف کھلی فوجی جارحیت کے مترادف ہے، ناکا بندی کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کریں گے، این پی ٹی سے دستبرداری سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ وسیع جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت اعلیٰ فوجی و حکومتی شخصیات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ جنگ کے اثرات آبنائے ہرمز تک پھیلنے سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بھی متاثر ہوئی۔
العربیہ کے مطابق اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے، اس کی پاسداری پر بدستور پرعزم ہے، اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، ایران سے متعلق فیصلے تہران کے علاوہ کہیں اور نہیں کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی شہر شینزن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات سے قبل اور بعد میں چین روس کے ساتھ رابطے میں تھے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا جن اقدامات کو اقتصادی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی قرار دے رہا ہے، وہ دراصل ایران کیخلاف فوجی جارحیت کے زمرے میں آتے ہیں۔ ان حالات میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کیلیے ہر ممکن طریقہ اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دو روز کے اندر بحری آمدورفت کیلیے کھولا جاسکتا ہے، تاہم اس کیلیے امریکا کو تہران کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے، جن میں امریکی بحری ناکا بندی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔
خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں سے اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہوئی، جبکہ جون میں دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کیا، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی، اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں اور جوہری پروگرام سے متعلق امور شامل تھے۔ تاہم اختلافات برقرار رہنے کے باعث اگست میں مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہو گئی، جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔



