وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پیر کو وزیرِ اعظم آفس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات میں وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو ملک کی امن و امان کی صورتِ حال پر بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی. ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک کی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی. ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ https://t.co/9g1r70xwXz
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 23, 2026
بیان کے مطابق اس موقع پر دونوں شخصیات کے درمیان ملک کی موجودہ صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی حالیہ دنوں میں ملک کی مجموعی صورتِ حال اور امن و امان کے معاملات پر مختلف سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
اس ملاقات سے قبل وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس میں ملک کی مجموعی صورتِ حال، نئے صوبوں کے قیام، امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسدادِ دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا تھا۔
چوہدری شجاعت سے ملاقات سے قبل 21 نومبر کو وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں جماعتِ اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا تھا اور وہاں امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتِ حال اور امن و امان کے لیے کیے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی تھی۔
وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر کہا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو صدرِ مملکت آصف زرداری سے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ملک کو درپیش موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا تھا اور تمام معاملات کا حل بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے نکالنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
