امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔ جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کے بعد کنسرٹ میں بھگدڑ اور خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہو گئی، جبکہ شرکاء نے جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا شروع کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر اسٹریتھمور، ٹولیرے کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں تقریباً 150 افراد کنسرٹ میں شریک تھے۔ فائرنگ کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ممکنہ طور پر گینگ وار سے جڑا ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
پولیس کے مطابق کنسرٹ میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے بھی پرفارم کیا تھا۔ واقعے کے بعد تاحال کسی ملزم کی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام کو فوری طور پر مزید کسی خطرے کا سامنا نہیں۔
واضح رہے امریکا میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات ایک سنگین سکیورٹی مسئلہ بنے ہوئے ہیں، جہاں اسکولوں، شاپنگ مالز، پارکوں، عبادت گاہوں، تفریحی تقریبات اور موسیقی کے کنسرٹس میں فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں ستمبر کے اختتام تک امریکا میں فائرنگ کے کم از کم 354 ایسے واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔



