اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
درخواست گزار ایڈووکیٹ یحییٰ فرید خواجہ نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے اور انہیں آن لائن خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ 31 اگست کو ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے آج متعدد درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا کے علاوہ سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ 13 نومبر کو اس معاملے پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہو چکا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دوران سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں غیرموثر ہو چکی ہیں، جس پر درخواست گزاروں کے وکلا نے اپنی درخواستیں واپس لے لیں۔
بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو 2021 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
پی ٹی اے اور نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے اپنے جوابات میں کیا کہا؟
اس درخواست کی اگست میں ابتدائی سماعت کے بعد پی ٹی اے اور نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے اکتوبر کے آغاز میں اپنے جوابات عدالت میں جمع کرائے تھے۔
پی ٹی اے نے یکم اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کے پاس 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے سے روکنے یا ان کی عمر کی تصدیق کا نظام قائم کرنے کا قانونی اختیار نہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے نئے قانونی اور پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ اتھارٹی نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس نے 17 لاکھ 89 ہزار سے زائد غیرقانونی آن لائن لنکس اور یو آر ایلز کا جائزہ لیا جبکہ 15 لاکھ 77 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے جا چکے ہیں۔
نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے 3 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 17 صفحات پر مشتمل جواب جمع کراتے ہوئے بچوں کو آن لائن گرومنگ، استحصال اور نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر قانونی اور ریگولیٹری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
کمیشن نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بچوں کے تحفظ کا پابند بنانے، عمر کی تصدیق کا مؤثر نظام متعارف کرانے اور بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کی تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے کی استعداد بڑھانے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے کہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے اور آن لائن تحفظ یقینی بنانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں یکم ستمبر کو ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور ہو چکی ہے۔ قرارداد میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی، پلیٹ فارمز پر عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے اور بچوں، والدین و اساتذہ میں ڈیجیٹل آگاہی بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
