غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں تازہ کارروائی میں حماس کے ایک اہم کمانڈر جاں بحق ہوگئے جس کی تصدیق حماس اور اسرائیلی فوج نے بھی کردی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے آج بتایا کہ 53 سالہ سمیر ابو یونس گزشتہ روز اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ وہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں کردار ادا کرچکے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں رات کے وقت کیے گئے فضائی حملے میں سمیر ابو یونس کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیش رو نائل ابو عبید کی 15 ستمبر کو ہلاکت کے بعد سے رفح بریگیڈ کی قیادت کر رہے تھے۔
طبی عملے کے مطابق ابو یونس خان یونس کے علاقے المواصی میں ایک سڑک پر فضائی حملے کا نشانہ بنے جس میں وہ جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔
حماس کے مطابق سمیر ابو یونس نے 1991 میں تنظیم کے عسکری ونگ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ رفح میں بریگیڈ کے کمانڈر بننے سے پہلے کئی اہم آپریشنل عہدوں پر بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے تھے۔
غزہ جنگ بندی کے باوجود حملے جاری
اسرائیل اور حماس کے درمیان اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لڑائی تو رک گئی تھی تاہم اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ بھی حل نہیں ہوسکا۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک کم از کم 1,600 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اس عرصے میں 5 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شروع کی گئی فوجی کارروائیوں میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ یہ کارروائیاں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر ہونے والے حملے کے بعد شروع کی گئی تھیں جس میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔



