دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کی پسندیدہ گیم سیریز ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ (جی ٹی اے) کی نئی گیم ’جی ٹی اے 6‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز فروخت کا ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جس نے فلموں اور ویڈیو گیمز سمیت انٹرٹینمنٹ کی دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گیم بنانے والی کمپنی راک اسٹار گیمز نے بتایا ہے کہ ’جی ٹی اے 6‘ نے ریلیز کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 3 ارب 79 کروڑ ڈالر (تقریباً 3.8 ارب ڈالر) کی فروخت کی جو کسی بھی انٹرٹینمنٹ ریلیز کے پہلے روز کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔
راک اسٹار گیمز کے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی ریلیز سے پہلے ہی 3 کروڑ 25 لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں جو تمام پلیٹ فارمز پر کسی بھی گیم کی پری ریلیز فروخت کا نیا ریکارڈ ہے۔
BREAKING: GTA 6 sold 32.5 million units and generated $3.79 billion in revenue in 24 hours. https://t.co/U0PkOaMrBb
— GTA 6 Updates (@gtasix_) November 20, 2026
مارکیٹ ریسرچ فرم سینسر ٹاور کے اندازے کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی پری آرڈرز کے دوران تقریباً 2 کروڑ 45 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جن کی مالیت 2 ارب 36 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
19 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی اس گیم کا شائقین کو 13 سال سے زیادہ عرصے سے انتظار تھا۔ اس کی ریلیز کے موقع پر کئی گیمرز نے کام سے چھٹی لی جبکہ بعض نے اپنے پارٹنرز کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کیے تاکہ انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے گیم کھیلنے کا وقت مل سکے۔
Grand Theft Auto VI is now available for PlayStation 5 and XBOX Series X|S.
https://t.co/8QXtlg7RmP https://t.co/SjphLTnbLQ
— Rockstar Games (@RockstarGames) November 19, 2026
’جی ٹی اے 6‘ کی پہلے روز کی فروخت اس کی سابقہ گیم ’جی ٹی اے 5‘ کے مقابلے میں تقریباً 5 گنا زیادہ ہے۔ ’جی ٹی اے 5‘ نے 2013 میں ریلیز کے پہلے روز اندازاً 80 کروڑ ڈالر کمائے تھے اور اب تک اسے پہلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم سمجھا جاتا تھا۔
گیم کی کہانی 2 جرائم پیشہ کرداروں لوسیا اور جیسن کے گرد گھومتی ہے جو فرضی شہر ’وائس سٹی‘ کی روشن اور رنگ برنگی سڑکوں پر مختلف مہمات میں مصروف نظر آتے ہیں۔ یہ شہر امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی حصے سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔
’ایوینجرز: اینڈ گیم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا‘
نئی گیم نے فلمی دنیا کا ایک بڑا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس کی پہلے روز کی فروخت اب تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔ میڈیا اینالیٹکس فرم رینٹراک کے مطابق اس فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر تقریباً 2 ارب 94 کروڑ ڈالر کا بزنس کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی کامیابی سے اس کی مالک کمپنی ’ٹیک ٹو انٹرایکٹو‘ کے مالی نتائج میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے۔ یہ کمپنی راک اسٹار گیمز کی مالک ہونے کے علاوہ ’ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن‘ سیریز اور باسکٹ بال پر مبنی ویڈیو گیم سیریز ’این بی اے 2 کے‘ کی پبلشر بھی ہے۔
راک اسٹار گیمز کے صدر اور بانی سیم ہاؤسر نے دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے ملنے والے ردعمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پذیرائی پر بے حد شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی ریلیز اسٹوڈیو کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
‘GTA VI’ made more in one day than ‘Avengers: Endgame’ did in its entire theatrical run.
▪ GTA 6: $3.79 billion
▪ Avengers: Endgame: $2.92 billion https://t.co/LVKs1ccQcK— Complex (@Complex) November 20, 2026
واضح رہے کہ ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے حصص جمعہ کو کاروباری سیشن کے اختتام پر معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
جی ٹی اے 6 کی تشہیر پر کتنا خرچ آیا؟
رائٹرز کے مطابق ٹیک ٹو انٹرایکٹو نے ’جی ٹی اے 6‘ کی تیاری پر اندازاً ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ خرچ کیے ہیں جس کے بعد یہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے مہنگے ترین منصوبوں میں شامل ہو گئی ہے۔ کمپنی نے جون میں گیم کے پری آرڈرز شروع کیے تھے تاہم اس کی مقبولیت کے باوجود فروخت کے اعداد و شمار سامنے لانے سے گریز کیا تھا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹراس زیلنک نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک اجلاس کے دوران کہا تھا کہ اس گیم کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے، صارفین بہت پُرجوش ہیں اور اب تک سامنے آنے والے تمام تبصرے بھی انتہائی مثبت ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی ابھی اسے اپنی کامیابی قرار دینے کے لیے تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کسی کام کے مکمل ہونے سے پہلے اس کی کامیابی کا دعویٰ کرنے سے گریز کرتی ہے۔
گیم کا تفصیلی تشہیری ٹریلر ’جی ٹی اے 6: این ایکسٹینڈڈ لک‘ اگست میں نیٹ فلکس کے ذریعے بھی دکھایا گیا تھا۔ مارکیٹ ریسرچ کمپنی سینسر ٹاور کے اندازوں کے مطابق اس ٹریلر کے بعد گیم کے پری آرڈرز میں 6 گنا اضافہ ہوا۔
گیم کے شہر ’وائس سٹی‘ کی بنیاد امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی پر رکھی گئی ہے۔ اسی مناسبت سے میامی کی این بی اے ٹیم نے بدھ کو گیم کی ریلیز کا جشن منانے کے لیے وائس سٹی کے تھیم پر ایک میچ کا اہتمام کیا تھا۔

اس کے علاوہ کمپنی ہفتے کے اختتام پر ’جی ٹی اے 6: دی فیسٹیول‘ کے نام سے ایک میوزک شو بھی منعقد کر رہی ہے جس میں گریمی ایوارڈ یافتہ ریپر کارڈی بی، ہپ ہاپ میوزک پروڈیوسر میٹرو بومِن اور ریپر ٹریوس اسکاٹ سمیت کئی معروف فنکار شرکت کریں گے۔
ٹیک ٹو انٹرایکٹو کا اگلا منصوبہ کیا ہے؟
اب سرمایہ کاروں کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ٹیک ٹو انٹرایکٹو ’جی ٹی اے 6‘ کا پی سی ورژن کب ریلیز کرے گی اور اس کا آن لائن ورژن کب متعارف کرایا جائے گا۔
گیم کا آن لائن ملٹی پلیئر حصہ کمپنی کے لیے مستقل آمدنی کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ انٹرنیٹ پر گیم کھیل سکیں گے اور گیم کے اندر مختلف سرگرمیوں پر رقم خرچ کر سکیں گے۔
ویڈیو گیم انڈسٹری کے بعض تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ ’جی ٹی اے 6‘ کا پی سی ورژن اور آن لائن موڈ 2027 میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

بروکریج فرم ٹی ڈی کوون نے ٹیک ٹو انٹرایکٹو کو 2027 کے لیے اپنی ’بیسٹ آئیڈیاز‘ کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ فرم کے تجزیہ کار ڈگ کریوٹز کا خیال ہے کہ ’جی ٹی اے 6‘ کا آن لائن ورژن متعارف ہونے کے بعد کمپنی کی مالی کارکردگی مزید بہتر ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ سے طویل مدت تک مسلسل آمدنی حاصل کرنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لیے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگلی ’جی ٹی اے آن لائن‘ کب متعارف ہوگی اور اس سے کتنی آمدنی حاصل ہو سکے گی۔
گرینڈ تھیفٹ آٹو کب متعارف کرائی گئی؟
’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ (جی ٹی اے) دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیم سیریز میں شمار ہوتی ہے۔ اس سیریز کی پہلی گیم 1997 میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اس میں گاڑیاں چوری کرنے اور جرائم پیشہ گروہوں کے لیے مختلف مشنز انجام دینے جیسے کام شامل تھے۔

اس سیریز کی سابقہ گیم ’جی ٹی اے 5‘ سال 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کی کہانی امریکی شہر لاس اینجلس سے متاثر فرضی شہر ’لاس سینٹوس‘ میں ترتیب دی گئی تھی۔ اس گیم میں جرائم، ڈرائیونگ اور مختلف مشنز کے علاوہ پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگانے، سینما جانے اور امریکی کلچر پر طنز کرنے والے ریڈیو اسٹیشنز جیسی سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔
اب نئی گیم ’جی ٹی اے 6‘ کی کہانی امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر فرضی ریاست ’لیونیڈا‘ کے شہر ’وائس سٹی‘ میں آگے بڑھتی ہے۔ اس کے 2 مرکزی کردار لوسیا اور جیسن ہیں جو جرائم میں ایک دوسرے کے ساتھی ہونے کے ساتھ رومانوی تعلق بھی رکھتے ہیں۔



