وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو صحت کی بہتر سہولیات مل رہی ہیں، ڈاکٹرز کی ہدایت پر مزید بہتر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، بانی پی ٹی آئی کو اگر اس سے بہتر علاج کی ضرورت ہے تو ہونا چاہیے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف بیمار تھے تو یہ لوگ عجیب باتیں کیا کرتے تھے، پی ٹی آئی کے دور میں لیگی رہنماؤں کی بیماری پر بانی پی ٹی آئی سب سے زیادہ این آر او کا ذکر کیا کرتے تھے، میں آج این آر او کا ذکر نہیں کر رہا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی جیل میں قید لیگی رہنماؤں کے پنکھے اتارنے کی بات کیا کرتے تھے، کلثوم نواز کی بیماری پر بھی سیاست کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو ورزش کیلئے بھی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی کو ہجوم کے باعث شفا اسپتال نہیں لے جایا گیا تھا ، نواز شریف کے اپنے اسپتال تھے لیکن انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔
نئے صوبوں پر بات کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، اس حوالے سے ابھی تک کوئی چیز واضح نہیں ہوئی، یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اس پر بحث ہونی چاہیے ، آئینی اور جمہوری طریقے سے عوام کی رائے جاننے کے مختلف طریقہ کار ہیں، بحث شروع ہو گئی ہے راستہ بھی آگے نظر آتا جائے گا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ کسی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے سہولیات فراہم کی جانی چاہییں، انہیں اپنی صحت کے مطابق علاج کروانے کا حق ہے، علاج ایسا ہونا چاہیے جس سے وہ مطمئن ہوں۔
پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے بات کی، صدر مملکت آصف زرداری مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ لڑنے کا نہیں، سب کو مل کر ملک کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے چاہییں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، سندھ اسمبلی نے اپنی قراردادوں میں کئی بار عوامی رائے کا اظہار کیا، ریفرنڈم ہو بھی جائے تو صوبے کس بنیاد پر بنیں، وسائل کی تقسیم کیسے ہو گی؟ 18 ویں ترمیم پر سب متفق ہونے کے باوجود مہینو ں بات چیت ہوتی رہی، کئی مہینوں کے بعد 18 ویں ترمیم کا مسودہ سامنے آیا تھا، نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔



