امریکا کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں رواں موسم خزاں میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پہلی بار امریکا آنے والے نئے بین الاقوامی طلبہ کی تعداد بھی 15 فیصد کم ہوگئی ہے۔
امریکی سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن (IIE) کے پیر کو جاری کردہ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے امیگریشن قوانین سخت کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تبدیلیوں کے باعث امریکی جامعات میں غیر ملکی طلبہ کا داخلہ متاثر ہوا ہے۔
امریکن ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی پروفیسرز کی جنرل کونسل وینا دوبال کا کہنا ہے کہ اب والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے امریکا بھیجنے میں پہلے جیسی دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان کے والد بھی 1960 کی دہائی کے اواخر میں بھارت سے امریکا کی ٹسکیگی یونیورسٹی (اس وقت ٹسکیگی انسٹی ٹیوٹ) میں تعلیم حاصل کرنے آئے تھے۔
ان کے بقول امریکا اب ایک غیر محفوظ ملک محسوس ہوتا ہے اور ٹرمپ انتظامیہ دنیا بھر کے خاندانوں کو یہی پیغام دے رہی ہے جس کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
گزشتہ سال بھی امریکا میں غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں کمی دیکھی گئی تھی تاہم بڑی تعداد میں طلبہ نے گریجویشن کے بعد عارضی ملازمت کے لیے امریکا میں قیام جاری رکھا جس سے مجموعی کمی کے اثرات کسی حد تک کم ہوگئے تھے۔
تاہم کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت ہر ایسے طالب علم کے لیے متعلقہ تعلیمی ادارے کو 70 ہزار ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی جو آپشنل پریکٹس ٹریننگ (او پی ٹی) کے پروگرام میں حصہ لے گا۔
اس پروگرام کے تحت بین الاقوامی طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد امریکا میں عارضی طور پر کام کرسکتے ہیں۔ اگرچہ اس حوالے سے مجوزہ قانون کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم سروے کے مطابق رواں موسم خزاں میں اس پروگرام میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد بھی 6 فیصد کم ہو چکی ہے۔
غیر ملکی طلبہ کو سیاسی مشکلات کا سامنا
اس مجوزہ قانون کو کئی چیلنجز کا سامنا بھی متوقع ہے۔ یہ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ان وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جن میں ہزاروں بین الاقوامی طلبہ کی قانونی حیثیت ختم کرنا اور ان میں سے متعدد کو حراست میں لینے یا ملک بدر کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
رواں موسم گرما میں ٹرمپ انتظامیہ نے ایک قانون کو حتمی شکل دی تھی جس کے تحت غیر ملکی طلبہ کو وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر امریکا میں 4 سال سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ایک جج نے عارضی طور پر اس ضابطے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔

امریکی وزیر ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین مولن کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد ان خامیوں کو دور کرنا ہے جن سے غیر ملکی طلبہ اپنی تعلیم کا دورانیہ بڑھانے کے لیے فائدہ اٹھا رہے تھے۔
اس کے باوجود امریکا اب بھی دنیا بھر میں بین الاقوامی طلبہ کے لیے سب سے بڑی منزل ہے تاہم یونیورسٹیوں کے منتظمین کے مطابق نئی پالیسیوں کے اثرات واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کے رواں موسم خزاں میں 800 سے زائد امریکی کالجز اور یونیورسٹیوں میں کیے گئے سروے کے مطابق 88 فیصد تعلیمی اداروں نے طلبہ کی تعداد میں کمی کی وجہ ویزا درخواستوں کے طریقہ کار کو قرار دیا جبکہ 70 فیصد نے سفری پابندیوں کو اس کی وجہ بتایا۔
سروے میں شامل 95 فیصد تعلیمی اداروں کا کہنا ہے کہ اگر آپشنل پریکٹس ٹریننگ کے مواقع محدود کیے گئے تو بین الاقوامی طلبہ غالباً تعلیم کے لیے کسی دوسرے ملک کا رخ کریں گے۔ یہ سروے آئندہ سال مکمل اعداد و شمار جاری ہونے سے پہلے اس رجحان کی ابتدائی تصویر پیش کرتا ہے۔
’امریکا میں غیر یقینی صورتحال بہت زیادہ ہے‘
ادارے میں ریسرچ، اولیویشن اینڈ لرننگ کی شعبہ کی سربراہ میرکا مارٹل کے مطابق طلبہ کے امریکا سے دور ہونے کی واحد وجہ سیاست نہیں بلکہ بین الاقوامی طلبہ کے حصول کے لیے دوسرے ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا مقابلہ اور امریکی تعلیم کے اخراجات میں اضافہ بھی اس کی وجوہات ہیں۔
بین الاقوامی تعلیم سے متعلق ادارے نفسا کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر فانتا آ کا کہنا ہے کہ طلبہ کو امریکا میں ریسرچ کے لیے مالی معاونت کے حوالے سے بھی خدشات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ٹرمپ انتظامیہ نے وفاقی سطح پر ریسرچ گرانٹس دینے کے نظام کو تبدیل کرنے اور اس بات پر زیادہ سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے کی کوششیں شروع کی تھیں کہ کن ریسرچ منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔
فانتا آ کے مطابق طلبہ سمجھتے ہیں کہ امریکا میں غیر یقینی صورتحال بہت زیادہ ہے اور یہاں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے بقول اب طلبہ کے پاس 10 سال پہلے کے مقابلے میں دوسرے ممالک کے انتخاب کے زیادہ مواقع موجود ہیں اور اسی لیے وہ خود کو امریکا تک محدود نہیں رکھنا چاہتے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض طلبہ اب چین جیسے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔
نفسا اور بین الاقوامی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنی جے بی انٹرنیشنل کے مشترکہ جائزے کے مطابق امریکا میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی کے باعث رواں موسم خزاں میں امریکی معیشت کو ان طلبہ کی جانب سے حاصل ہونے والی آمدن میں 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔
امریکی یونیورسٹیوں کے مالی مسائل میں اضافہ
رپورٹ کے مطابق امریکی کالجز اور یونیورسٹیاں غیر ملکی طلبہ کو بڑی تعداد میں داخلے دیتے ہیں کیونکہ ان سے حاصل ہونے والی فیس تعلیمی اداروں کی آمدن کا اہم ذریعہ ہوتی ہے۔ طلبہ کی تعداد میں کمی نے بعض یونیورسٹیوں کی فیسوں سے ہونے والی آمدن کو بھی متاثر کیا ہے۔
کلیولینڈ اسٹیٹ یونیورسٹی میں گزشتہ 2 سال کے دوران بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں 46 فیصد کمی ہوئی ہے۔ موسمِ خزاں 2025 میں وہاں ایک ہزار 542 غیر ملکی طلبہ زیرِ تعلیم تھے جبکہ رواں سال یہ تعداد کم ہو کر محض 828 رہ گئی ہے۔
یونیورسٹی کے پرووسٹ نِگامانتھ سری دھر کے مطابق رواں موسم خزاں میں 50 سے بھی کم نئے بین الاقوامی طلبہ نے داخلہ لیا جبکہ اس کمی کے باعث یونیورسٹی کو 20 لاکھ سے 40 لاکھ ڈالر تک مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سری دھر کئی دہائیاں قبل خود بھی ایف ون اسٹوڈنٹ ویزے پر امریکا آئے تھے اور انہوں نے اختیاری عملی تربیت کے پروگرام میں بھی حصہ لیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے امریکی شہریت حاصل کرنے کا عمل مکمل کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ آج جس عہدے پر کام کر رہے ہیں اس کی وجہ امریکا میں ایک بین الاقوامی گریجویٹ طالب علم کی حیثیت سے تعلیم حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے وہیں رہ کر اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول بین الاقوامی تعلیم ان کے لیے ذاتی اہمیت رکھتی ہے۔
متاثرین میں بھارتی طلبہ سر فہرست
سروے کے مطابق غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی اعلیٰ تعلیم کے شعبے یعنی گریجویٹ سطح پر ہوئی ہے۔ رواں موسم خزاں میں بین الاقوامی گریجویٹ طلبہ کے داخلوں میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ انڈرگریجویٹ سطح پر یہ کمی 3 فیصد رہی۔
رپورٹ میں بھارت سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعداد میں کمی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ بھارت ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں سے سب سے زیادہ طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکا آتے ہیں۔
پاکستانی طلبہ کے لیے کے لیے کیا مواقع ہیں؟
پاکستانی طلبہ کے لیے امریکی یونیورسٹیوں کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی اوپن ڈورز 2026 رپورٹ کے مطابق 2025-26 کے تعلیمی سال میں امریکا میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی تعداد 14 ہزار 340 ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.9 فیصد زیادہ اور اب تک کی بلند ترین تعداد ہے۔ پاکستان اس حوالے سے امریکا میں بین الاقوامی طلبہ بھیجنے والے ممالک میں 12ویں نمبر پر رہا۔
اوپن ڈورز رپورٹ کے اعداد و شمار سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ امریکی امیگریشن پالیسیوں میں سختی کے باوجود پاکستانی طلبہ کے لیے وہاں اعلیٰ تعلیم کے مواقع موجود ہیں اور وہ امریکی جامعات میں داخلے حاصل کر رہے ہیں۔ تاہم مستقبل میں داخلوں کا رجحان ویزا پالیسیوں، سفری پابندیوں اور تعلیم کے بعد کام کرنے کے مواقع سے متاثر ہوسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی جامعات میں بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد میں کمی کے باوجود 81 فیصد امریکی تعلیمی اداروں نے بین الاقوامی طلبہ کی بھرتی کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے جبکہ 91 فیصد جامعات نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم) کے شعبوں میں غیر ملکی طلبہ کی بھرتی پر توجہ دینے کا کہا ہے۔
وسط مدتی انتخابات کے بعد پالیسیوں میں تبدیلی کی امید؟
امریکن کونسل آن ایجوکیشن کی نائب صدر سارہ اسپریٹزر کا کہنا ہے کہ جب تک ڈونلڈ ٹرمپ صدر ہیں اس دوران امیگریشن سے متعلق بڑی قانون سازی کا امکان کم ہے تاہم ان کے مطابق کانگریس کی جانب سے حکومتی پالیسیوں کی نگرانی بین الاقوامی طلبہ کو نشانہ بنانے والی نئی پالیسیوں کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے بین الاقوامی طلبہ کو زیادہ یقین دہانی مل سکتی ہے کہ ان کے لیے اچانک یا غیر واضح تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔



