ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2035 تک مسلمانوں کی آبادی دنیا میں سب سے زیادہ ہو جائیگی جس کے بعد اسلام عیسائیت کو کراس کر کے دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔
یہ رپورٹ واشنگٹن میں قائم ’پیو ریسرچ سینٹر‘ کی جانب سے ’دی فیوچر آف دی گلوبل مسلم پاپولیشن‘ کے عنوان سے جاری کی گئی ہے۔ یہ سینٹر بنیادی طور پر ایک تحقیقی ادارہ ہے جو دنیا بھر میں سماجی، سیاسی، مذہبی اور آبادیاتی رجحانات پر تحقیق کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں کے مقابلے میں بڑھ جائے گی جبکہ 2070 تک دنیا کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا حصہ 36 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2020 سے 2070 کے دوران دنیا میں مسلمانوں کی آبادی میں 80 فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ اسی عرصے میں غیر مسلم آبادی میں اضافے کی شرح صرف 11 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں نوجوان آبادی اور زیادہ شرح پیدائش کو مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جو اس وقت دنیا کی مجموعی آبادی کا 36 فیصد ہوگی۔
آئندہ 44 سالوں میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ دنیا کے تمام بڑے جغرافیائی خطوں میں غیر مسلم آبادی کے مقابلے میں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ان تمام خطوں میں سے مسلم آبادی میں سب سے زیادہ اضافہ سب صحارا افریقہ میں متوقع ہے۔
پاکستان کی آبادی میں کتنا اضافہ ہو گا؟
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 میں دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی انڈونیشیا میں تھی جہاں 23 کروڑ 90 لاکھ مسلمان آباد تھے، جبکہ پاکستان 22 کروڑ 70 لاکھ مسلمانوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔ بھارت میں مسلمانوں کی تعداد 21 کروڑ 30 لاکھ، بنگلا دیش میں 15 کروڑ 10 لاکھ اور نائیجیریا میں 12 کروڑ تھی۔
تاہم 2070 تک یہ ترتیب تبدیل ہونے کا امکان ہے اور پاکستان 46 کروڑ 10 لاکھ مسلمانوں کے ساتھ دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔ اس وقت پاکستان میں دنیا کے مجموعی مسلمانوں کا تقریباً 13 فیصد آباد ہوگا۔
بھارت 33 کروڑ 40 لاکھ مسلمانوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آسکتا ہے جبکہ نائیجیریا دنیا کی تیسری بڑی مسلم آبادی والا ملک بننے کی توقع ہے۔ ایتھوپیا اور افغانستان بھی ان 10 ممالک میں شامل ہوسکتے ہیں جہاں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوگی۔
افریقہ میں مسلم آبادی دگنی سے زیادہ ہونے کا امکان
رپورٹ کے مطابق 2020 میں دنیا کے تقریباً 60 فیصد مسلمان ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں آباد تھے جبکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا میں 20 فیصد اور سب صحارا افریقہ میں 18 فیصد مسلمان رہائش پذیر تھے۔
2070 تک ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں دنیا کے مسلمانوں کا تناسب کم ہوکر 50 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ سب صحارا افریقا میں یہ حصہ بڑھ کر 27 فیصد ہوسکتا ہے۔
سب صحارا افریقہ میں مسلمانوں کی تعداد 36 کروڑ 90 لاکھ سے بڑھ کر 98 کروڑ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ شمالی امریکا میں بھی مسلم آبادی 3 گنا سے زیادہ بڑھ کر 60 لاکھ سے 2 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس اضافے میں نقل مکانی اہم کردار ادا کرے گی۔
یورپ میں مسلمانوں کا تناسب بھی بڑھنے کی توقع
پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینے کے مطابق 2070 تک یورپ کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 6 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد ہوسکتا ہے جبکہ شمالی امریکا میں مسلمانوں کی آبادی کا حصہ تقریباً 5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
لاطینی امریکا اور کیریبین واحد خطہ ہے جہاں مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب تقریباً مستحکم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2070 تک دنیا کے 54 ممالک اور خطوں میں مسلمان اکثریت میں ہوں گے جن میں سے 35 مقامات پر مسلمانوں کا تناسب 90 فیصد یا اس سے زیادہ ہوسکتا ہے۔
مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں؟
رپورٹ میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں نوجوان آبادی، شرح پیدائش اور قدرتی آبادیاتی اضافے کو قرار دیا گیا ہے۔
2020 کے تخمینوں کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 60 فیصد مسلمان 30 سال سے کم عمر ہیں جبکہ غیر مسلم آبادی میں 30 سال سے کم عمر افراد کا تناسب نصف سے بھی کم ہے۔
اسی طرح 2020 سے 2025 کے دوران مسلمانوں میں فی خاتون بچوں کی اوسط شرح پیدائش 3.1 رہی جبکہ غیر مسلم آبادی میں یہ شرح 2.0 تھی۔
رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ بنیادی طور پر شرح پیدائش اور اموات کے فرق کی وجہ سے ہوگا تاہم یورپ اور شمالی امریکا میں نقل مکانی بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
