پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید آسان بنانے کے لیے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔
پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی، دفاعی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کی طویل تاریخ موجود ہے۔ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور عالمی فورمز پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ قریبی روابط اور تعاون کو فروغ دیتے رہے ہیں۔ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ حالیہ معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ویزا فری انٹری معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری سہولت کا معاہدہ
وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے
معاہدے کے تحت پاکستان اور سوڈان کے سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت ہو گی https://t.co/Ukk5gbm9qG— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) November 7, 2026
دونوں وزرائے داخلہ نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ویزا فری انٹری کی سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط، سرکاری وفود کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ معاہدے سے سرکاری سطح پر روابط کے فروغ اور تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے بھی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


