سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان کے ذریعے مشترکہ افواج کے کمانڈر فہد السلمان کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ چیف آف اسٹاف جنرل فیاض الرویلی کو نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان کے تحت فہدالسلمان کو سعودی وزارت دفاع میں عسکری امور کا مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی فوجی قیادت میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے جولائی سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حوثیوں کے حملوں اور سرحدی کشیدگی کے باعث سعودی عرب کو اپنی دفاعی اور عسکری حکمت عملی سے متعلق اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے یہ فیصلہ وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی سفارش پر کیا۔ اس مقصد کے لیے فوجی افسران کی ملازمت سے متعلق قواعد و ضوابط اور متعلقہ شاہی احکامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
🔴 BREAKING: A Saudi royal decree appoints Fayyad Al-Ruwaili as commander of the Joint Forces, in addition to his role as Chief of the General Staff. https://t.co/ITdvV5xTV4
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) November 16, 2026
خیال رہے یمن میں حوثی باغیوں اور سعودی قیادت میں قائم مشترکہ افواج کے درمیان تنازع طویل عرصے سے جاری ہے۔ سعودی عرب نے 2015 میں فوجی اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے حوثیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی تھیں۔ اس تنازع نے خطے کی سلامتی اور سعودی عرب کی سرحدی صورتحال پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔
سعودی قیادت میں مشترکہ افواج کا بنیادی مقصد یمن میں اتحادی کارروائیوں کی نگرانی، فوجی آپریشنز میں ہم آہنگی اور دفاعی حکمت عملی پر عمل درآمد ہے۔



