سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک میں موبائل ایپس سے قرضوں پر شرحِ منافع میں 67 فیصد کمی کر دی۔
ایس ای سی پی کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں شہریوں کو ڈیجیٹل اییس سے قرض لینے پر بھاری سود اور جرمانوں کا سامنا ہے، عدم ادائیگی اور بلیک میلنگ کے باعث خودکشی کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری نئے سرکلر کے مطابق موبائل ایپ سے قرض پر سالانہ شرحِ منافع 90 فیصد مقررکی گئی ہے۔ موبائل ایپ پر شرح منافع کی حد 274 فیصد سے کم کی گئی ہے جس کا مقصد قرض لینے والوں کو زیادہ لاگت اور قرضوں کے بوجھ سے بچانا ہے۔
سرکلر کے مطابق 10ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے ہوگی جس میں تمام فیسیں اور چارجزشامل ہوں گے۔ڈیجیٹل ایپ سے قرض 50 ہزار روپے تک اور زیادہ سے زیادہ 90 دن کے لیے دیا جا سکے گا،قرض کی جلد ادائیگی پر صرف ان دنوں کی لاگت وصول ہوگی جن میں قرض صارف کے پاس رہا۔
ایس ای سی پی کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد پہلے3 دن تاخیر کا جرمانہ وصول نہیں کیا جا سکے گا۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ موبائل ایپ سے قرض لینے والوں کی ڈیجیٹل ریپوزٹری بھی قائم کی جارہی ہے جس سے قرض دہندگان صارف کے پہلے سے موجود قرضوں کی جانچ کر سکیں گے۔ریپازٹری سے قرض کی ادائیگی میں مشکل کا شکار صارف کو مزید قرض دینے سے احتیاط کر سکیں گے۔
ایس ای سی پی نے موبائل ایپ لون کمپنیوں کو 15 روز میں اپنی ایپس اور دستاویزات اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
