اسپیکر پنجاب اسمبلکی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کرنے کی مخالفت جبکہ پنجاب کی تقسیم کے حق میں بات کرتی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے صوبوں کی تقسیم سے متعلق مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر یکساں آئینی اصول اپنانے چاہئیں۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے مؤقف میں تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے اس معاملے پر سنجیدہ بحث کا مطالبہ کیا۔
مئی 2012 میں قومی اسمبلی میں پنجاب کو تقسیم کرنے کی قرارداد منظور ہوئی، اس وقت ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، مسلم لیگ (ن) نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی اور اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تقسیم کرنے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں بھی 2 قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہوئیں جن میں پیپلز پارٹی نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
’میرے گھر کو جلانا کسی کا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے؟‘
ملک احمد خان نے بلاول بھٹو کی گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو میں ’سیاسی قیدی‘ سے متعلق کہی گئی بات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ”میرے گھر کو جلانا کسی کا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے اور میرے گھر کو جلانے کے جرم میں مقید شخص سیاسی قیدی کیسے ہو سکتا ہے“۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 29 چھاؤنیوں کو جلانا سیاسی حق کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے، میرے نزدیک یہ ’جاسوسی‘ کرنے کے جرم کے مترادف ہے”۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ ”اگر کسی ملک کے 29 فوجی اڈوں پر منظم طریقے سے اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ایک ہی دن میں حملہ ہو تو کیا اسے مشتعل ہجوم کی جانب سے کیا گیا یا سیاسی حملہ تصور کیا جائے گا، میں اسے نہ مشتعل ہجوم کا حملہ مانوں گا اور نہ ہی سیاسی حملہ مانوں گا، میں اسے جاسوسی کی کارروائی تصور کروں گا۔“
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
