وزیر اعلیٰ پنجاب نے خواتین اور بچوں کو ریپ، گھریلو تشدد، اور دیگر جرائم اور استحصال سے تحفظ دینے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالتوں کی طرح خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ فیصلہ مریم نواز کی قیادت میں لاء اینڈ آرڈر اور خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر آج ہونے والے ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اینٹی ریپ ایکٹ لایا جائے گا جسے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے موجود دیگر قوانین مثلاً گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کا تحفظ ایکٹ اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ کے ساتھ ملا کر ایک جامع قانون بنا کر صوبے میں لاگو کیا جائے گا جس کے لیے اسپیشل کورٹس قائم کی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ عدالتیں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں تیز رفتاری سے ٹرائل مکمل کر کے متاثریں کو فوری انصاف دلائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تکلیف دہ بات وزیر اعلیٰ کے سامنے آئی کہ سال 2025 میں خواتین اور بچوں کے خلاف مقدمات میں سزاؤں کی شرح 0.7 فیصد یعنی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ”اس سے اندازہ لگا لیں کہ جرائم پیشہ افراد کسی عورت یا بچے کے ساتھ ظلم کرتے ہیں اور پھر وکٹری کا نشان بناتے ہوئے بڑی آسانی سے بری ہو کر باہر آ جاتے ہیں۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں سزائیں نہ ہونا تشویش ناک ہے۔ انہوں نے ایک بچی کے ریپ کے مقدمے میں ملزم کی بریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مجرموں کو سزا نہیں ملے گی، جرائم کی روک تھام ممکن نہیں ہوگی۔
نوٹ: خبر میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
