ممبئی، بھارت کی رہائشی 38 سالہ شاہدہ فقیر نے گھر سے نکلتے ہوئے اپنے چھوٹے بیٹے کو بتایا کہ وہ سبزی لینے باہر جا رہی ہے اور کچھ ہی دیر میں واپس آ جائے گی۔ اس کا شوہر اور بیٹے اس کا انتظار کرتے رہ گئے مگر شاہدہ لوٹ کر نہ آئی۔
یہ 19 جولائی کی بات ہے اور اب 3 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد پتا چلا ہے کہ شاہدہ اس وقت بنگلہ دیش کے ایک گاؤں ’ستکھیرا‘ میں رہ رہی ہیں۔
شاہدہ نے خبر رساں ادارے کو اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 3 ماہ قبل سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لیا اور ان کا فون ضبط کر لیا۔

شاہدہ کا کہنا تھا کہ ”کسی نے پیچھے سے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے گاڑی میں سوار ہونے کا حکم دیا۔“
انہوں نے بتایا کہ فون میں ان کے شناختی دستاویزات کی نقول بھی موجود تھیں۔ شاہدہ کے مطابق انہیں زبردستی سرحد پار بھیج دیا۔ رائٹرز کے مطابق عدالتی دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ جن اہلکاروں نے شاہدہ کو حراست میں لیا ان کا تعلق ممبئی پولیس کی ’کرائم برانچ‘ سے تھا۔
شاہدہ ان بدقسمت افراد میں شامل ہیں جن کے رشتہ داروں کو بھارت کی نظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں سے نکالے جانے کے بعد حراست میں لیا گیا، ملک بدر کیا گیا یا ان کی شہریت کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ سبھی کے پاس ہندوستانی شناخت یا خاندانی دستاویزات تھے جبکہ والدین اور بہن بھائیوں سمیت رشتہ دار ووٹر لسٹوں میں شامل تھے۔

بھارت میں انتخابی فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد بعض مسلمان شہریوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے اور بنگلہ دیش ملک بدر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ افراد کے اہل خانہ کے پاس کئی دہائیوں پرانے ایسے دستاویزی شواہد موجود ہیں جو ان کے بھارتی شہری ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ’غیر قانونی تارکین وطن‘ کی شناخت اور ملک بدری کے لیے کارروائیاں تیز کر رہی ہے۔ مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر حراست میں لینے اور سرحد پار بھیجنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں جبکہ متاثرہ افراد میں ایسے بھارتی شہری بھی شامل ہیں جو اپنی شہریت کے ثبوت رکھتے ہیں۔
ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا عمل مشتبہ غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور انہیں ملک سے نکالنے کی الگ مہم کے ساتھ جڑ گیا ہے حالانکہ ووٹر فہرست سے نام خارج ہونے سے کسی شخص کا غیر ملکی ہونا ثابت نہیں ہوتا۔
رائٹرز کے مطابق بھارت میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے دوران مجموعی طور پر 13 کروڑ نام خارج کیے گئے جو ملک کی تاریخ میں ووٹرز کے ناموں کی سب سے بڑی کٹوتی ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عمل سے بھارت کی سب سے بڑی اقلیت مسلمان غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور انہیں قومی دھارے سے الگ کرنے کی پالیسیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں۔
انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا اور بی جے پی پر الزام لگایا گیا کہ وہ اپنے حق میں انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے ووٹر فہرستوں میں تبدیلی کر رہی ہے۔ تاہم پارٹی جائز شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کرتی ہے۔
مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا عمل سب سے زیادہ آگے بڑھا جہاں رواں سال کے اوائل میں ریاستی انتخابات سے قبل تقریباً 90 لاکھ نام خارج کیے گئے۔ کولکتہ میں قائم صابر انسٹی ٹیوٹ کے مطابق مزید تفصیلی جانچ کے بعد خارج کیے گئے 27 لاکھ ناموں میں تقریباً 70 فیصد مسلمانوں کے تھے، حالانکہ ریاست کی مجموعی آبادی میں ان کا تناسب 27 فیصد ہے۔
بی جے پی نے ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ مغربی بنگال میں حکومت بنائی۔
صابر انسٹی ٹیوٹ کے بانی صابر احمد نے رائٹرز کو بتایا کہ حکمراں جماعت کے خلاف عوامی ناراضی کو انتخابی نتائج کا ایک اہم عنصر قرار دینے سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم ووٹر فہرستوں سے ناموں کی کٹوتی نے بھی مغربی بنگال کے انتخابی نتائج پر نمایاں اثر ڈالا۔
ووٹر فہرستوں سے نام نکالنے اور ملک بدری کی مہم
بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے 5 نومبر کو ریاست ہریانہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں سے نام خارج کرنے اور مشتبہ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی مہم کو واضح طور پر ایک دوسرے سے جوڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا عزم ہے کہ دراندازوں کی نشاندہی کی جائے، ان کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے جائیں اور اس کے بعد ایک ایک کرکے انہیں ملک سے نکالا جائے۔
مغربی بنگال میں اس معاملے پر خاص طور پر بنگالی بولنے والے مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں کے باعث کشیدگی پائی جاتی ہے۔
ریاست میں شہریت اور نقل مکانی کا معاملہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ 1947 میں تقسیم ہند کے وقت برطانوی حکام کی کھینچی گئی سرحد نے اس خطے کو دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔ تقسیم کے دوران لاکھوں افراد نے سرحد پار نقل مکانی کی جبکہ 1971 میں بھی بڑی تعداد میں لوگ یہاں منتقل ہوئے۔ اس کے نتیجے میں کئی خاندان اور برادریاں آج بھی سرحد کے دونوں جانب آباد ہیں۔
بھارت کی وزارت داخلہ، وزیراعظم کے دفتر اور الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر رائٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
شاہدہ فقیر کی ملک بدری کے خلاف عدالتی جنگ
شاہدہ کا کہنا ہے کہ انہیں رات ایک بجے سرحد کے ایسے حصے سے بنگلہ دیش پہنچایا گیا جہاں نہ کوئی چوکی تھی اور نہ ہی باڑ لگی ہوئی تھی۔ جسم پر کیچڑ جمی ہوئی تھی اور کئی گھنٹے پیدل چلنے کے بعد ایک کسان نے انہیں روتے ہوئے دیکھا اور اپنے پاس پناہ دی۔
ممبئی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شاہدہ کو آسام کی سرحد پر بارڈر سکیورٹی فورس کے حوالے کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں متعلقہ حکام کے ذریعے بنگلہ دیش بھیج دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی بارڈر فورس، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور وزیراعظم کے دفتر نے بھی اس حوالے سے رائٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق شاہدہ ان 149 افراد میں شامل تھیں جنہیں اس کارروائی کے دوران بنگلہ دیش ملک بدر کیا گیا۔ حکام نے ان افراد کو بنگلہ دیشی شہری قرار دیا تھا۔
شاہدہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں بنگلہ دیش بھیج دیا جائے گا۔ ان کا گھر، ان کے دادا دادی اور خاندان کی پوری نسل بھارت سے تعلق رکھتی ہے۔
اب ان کے شوہر جمن عدالت میں ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ یہ مقدمہ مغربی بنگال کی انتخابی فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف دائر لاکھوں درخواستوں میں سے ایک ہے۔
شاہدہ کے اہل خانہ نے اگست میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انتخابی فہرست سے نام خارج ہونا کسی شخص کی شہریت کا تعین نہیں کرسکتا اور انہیں محض حکام کے غیر مصدقہ دعوے کی بنیاد پر ملک بدر نہیں کیا جا سکتا۔
رائٹرز کے جائزہ لیے گئے خاندانی ریکارڈ کے مطابق شاہدہ کے والدین اور دادا دادی کے نام 1952 میں بھارت کے پہلے عام انتخابات سے ہی مغربی بنگال کے علاقے سواروپ نگر کی انتخابی فہرستوں میں شامل رہے ہیں۔ ان کے نام 2002 اور 2003 کی ووٹر فہرستوں میں بھی موجود تھے۔ تازہ نظرثانی کے دوران یہ ایک اہم معیار تھا جس کے تحت بعض ووٹروں کو اضافی دستاویزات جمع کرائے بغیر فہرستوں میں برقرار رکھا جا سکتا تھا۔
رائٹرز کے مطابق شاہدہ کا اپنا نام بھی کم از کم 2008 سے مغربی بنگال کی انتخابی فہرستوں میں شامل رہا ہے اور اس کا ثبوت ان کا ووٹر شناختی کارڈ ہے جو رائٹرز نے دیکھا۔
تاہم ممبئی کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس نے کولکتہ ہائی کورٹ کو بتایا کہ شاہدہ نے پوچھ گچھ کے دوران بنگلہ دیش کا پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا اور وہ بھارتی شہریت ثابت کرنے کے لیے کوئی قابل اعتبار دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کرسکی تھیں۔
شاہدہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے ان کا موبائل فون قبضے میں لے لیا تھا اور انہیں اس میں محفوظ دستاویزات کی نقول دکھانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ بھارتی قانون کے تحت شہریوں کے لیے ہر وقت اپنے ساتھ مستند شناختی دستاویزات رکھنا ضروری نہیں ہے۔
’تم بنگلہ دیشی ہو‘
کولکتہ ہائی کورٹ میں دائر ایک اور درخواست میں برتن فروخت کرنے والے ناصرالدین شیخ اور 4 دیگر افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا حالانکہ اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں خصوصی ٹربیونلز میں زیر سماعت تھیں۔
ناصرالدین شیخ نے بتایا کہ پولیس نے ریاست چھتیس گڑھ میں اس وقت انہیں اور 22 دیگر افراد کو حراست میں لیا جب وہ اپنے گھر سے سینکڑوں کلومیٹر دور کام میں مصروف تھے۔
ان کے مطابق 19 افراد کو 14 روز بعد رہا کردیا گیا کیونکہ حکام کو نظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں میں ان کے نام مل گئے تھے۔ تاہم شیخ اور 3 دیگر افراد جن کے نام فہرستوں میں موجود نہیں تھے اگلے 32 روز تک حراست میں رہے۔
شیخ ناصرالدین نے رائٹرز کو بتایا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان سے کہا کہ ووٹر فہرست میں تمہارا نام نہیں ہے، تم بنگلہ دیشی ہو۔ عدالت میں سماعت سے ایک رات قبل انہیں دیگر زیر حراست افراد کے ہمراہ رہا کردیا گیا تھا۔
شیخ ناصر الدین کے مطابق حراستی مرکز میں ایک بڑا ہال تھا جہاں 60 سے زائد افراد کے لیے بستر موجود تھے۔ زیر حراست افراد کے طبی معائنے کیے گئے اور بائیومیٹرک اندراج کے بعد انہیں وہاں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر لحاظ سے جیل تھی اور انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری جانب پولیس اور ریاستی وکلا نے کولکتہ ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ مغربی بنگال میں مستقل حراستی مراکز موجود نہیں ہیں۔
رائٹرز کے صحافیوں نے مرشد آباد میں مشتبہ غیر ملکی تارکین وطن کے لیے قائم ایک عارضی مرکز کا بھی دورہ کیا۔ وہاں عمارت کے اندر کپڑے لٹکے ہوئے تھے اور لوگ کھڑکیوں سے باہر جھانک رہے تھے۔ سخت سکیورٹی والے احاطے میں ایک ایمبولینس اور ڈھکی ہوئی پولیس بس بھی کھڑی تھی۔
مرکز کے سامنے رہنے والی موسمی رائے نے بتایا کہ انہوں نے 2 ماہ قبل لوگوں کو وہاں لاتے ہوئے دیکھا تھا جبکہ ان کے اہل خانہ باہر کھڑے رو رہے تھے۔
انسانی حقوق کے کارکن کیرتی رائے نے کہا کہ انتخابی فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں اور لوگ انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق ٹربیونلز میں کارروائی سست روی کا شکار ہے اور موجودہ صورت حال میں لوگوں کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی تارکین وطن قرار دے کر ملک بدر کرنے کی کارروائیوں پر تنازع پیدا ہوا ہو۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی 28 جولائی 2025 کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست آسام میں حکام نے ایک ماہ کے دوران تقریباً 3 ہزار 400 مسلم خاندانوں کے مکانات مسمار کیے تھے جبکہ 2021 سے اب تک تقریباً 50 ہزار افراد کو بے دخل کیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل جون 2025 میں آسام کے حکام نے بتایا تھا کہ ریاست میں غیر ملکی قرار دیے گئے افراد میں سے 303 کو بنگلہ دیش واپس بھیجا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مناسب قانونی کارروائی اور شہریت کی تصدیق کے بغیر بھارتی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا جا رہا ہے۔
