اردن کی ایک ریاستی سکیورٹی عدالت نے گزشتہ ماہ چرچ پر حملے کے الزام میں گرفتار تین افراد کو سزائے موت سنا دی ہے۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی ’پترا‘ کے مطابق تینوں ملزمان کو اتوار کو سزا سنائی گئی۔ تینوں پر گزشتہ ماہ جنوبی صوبے کرک کے ایک چرچ پر حملے کا الزام تھا۔ اس واقعے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پترا نے رپورٹ کیا کہ ان تینوں افراد کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں جانی نقصان پہنچانے، دہشت گردی کے مقاصد کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے اور ایک دہشت گرد گروپ کے نظریات کی تشہیر کے جرائم میں مجرم قرار دیا۔ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے جب کہ اردن کی کورٹ آف کیسیشن (اعلیٰ ترین اپیل کی عدالت) بھی اس کا خودکار طور پر جائزہ لے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو حمود گاؤں کے ایک یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں آخری رسومات کی ایک تقریب میں مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی۔ اردن کی مسیحی اقلیت پر ہونے والے اس غیرمعمولی حملے میں حکام کے مطابق 34 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
محكمة أمن الدولة تصدر قرارها بإعدام منفذي العمل الإرهابي في بلدة حمود بمحافظة الكرك
https://t.co/DPpwX68pzg
#الأردن #وكالة_الأنباء_الأردنية #بترا https://t.co/5H1Tnx8CAr
— Jordan News Agency (@Petranews) November 15, 2026
پبلک سکیورٹی ڈائریکٹریٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد 26 اکتوبر کو سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خالی مکان سے تین افراد کو زخمی حالت میں گرفتارکیا تھا۔
بعدا ازاں اسی روز اردن نے جنوبی شام میں فضائی حملوں میں مبینہ طور پر چرچ حملوں میں ملوث گروہوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ البتہ شامی حکام نے کہا تھا کہ حملوں میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ اردن انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی ہے۔
ان فضائی حملوں کے بعد اردن نے بھی یہ تسلیم کیا تھا کہ شام میں اس کے فضائی حملوں میں عام شہری بھی مارے گئے۔ بعد ازاں دونوں ممالک نے اس واقعے اور اس کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
