اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت بنانے کی درخواست کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گادی آئزنکوٹ گزشتہ اتوار کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ اسرائیلی انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اسرائیلی صدر نے حکومت بنانے کی ذمہ داری دی ہوئی ہے۔
ترک میڈیا ٹی آر ٹی کے مطابق گادی آئزن کوٹ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں، اتحادی حکومت کی پیشکش نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنانے کی کوشش ہے، یہ حربے مجھ پر اور اسرائیل کے شہریوں پر اثر انداز نہیں ہوتے۔
گزشتہ روز نیتن یاہو نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ جمعرات کو آئزنکوٹ سے ہونے والی ملاقات نے ان کے اس یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کیلیے قومی اتحادی حکومت کا قیام ضروری ہے۔ ایسی حکومت ایران کے خطرے کو ہمیشہ کیلیے ختم کر سکتی ہے۔
نیتن یاہو نے آئزنکوٹ کے اقلیتی حکومت بنانے کے منصوبے پر بھی تنقید کی، جسے قومی ہنگامی حکومت کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آئزنکوٹ کے اتحاد کے 48 ارکان پارلیمنٹ حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے، جبکہ نیتن یاہو کے حامی 46 ارکان اس کی مخالفت کریں گے۔ باقی 26 ارکان، جن کا تعلق عرب اور انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں سے ہے، ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر حکومت کے قیام کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
سابق اسرائیلی آرمی چیف آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو ایک طرف مذاکرات کی بات کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت سازی کیلیے مذاکرات پہلے ہی جاری ہیں۔ وہ اتحاد کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن درحقیقت سیاسی تقسیم اور کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ یہ چالیں ان پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔
گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں مزید 14 دن کی مہلت بھی مل سکتی ہے۔
نئی حکومت کی تشکیل کیلیے مذاکرات مشکل ہونے کا امکان ہے، خصوصاً اس لیے کہ نیتن یاہو انتخابی مہم کے دوران عرب اسرائیلی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں، جنہوں نے حالیہ انتخابات میں ریکارڈ نشستیں حاصل کی ہیں۔
نیتن یاہو کی مجوزہ قومی اتحادی حکومت میں اعتدال پسند سے دائیں بازو تک کی اہم یہودی جماعتوں کو شامل کرنے کی تجویز ہے، تاہم عرب جماعتوں کو اس اتحاد سے باہر رکھنے کی بات کی گئی ہے۔
دوسری جانب آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی اور سبکدوش ہونے والے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کی مذہبی صہیونیت پارٹی کے ارکان کو اپنی حکومت میں شامل کرنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کیلیے اتحاد کے حوالے سے ان کا عزم مخلصانہ ہونا ضروری ہے۔
آئزنکوٹ نے ہفتے کے روز ایک بار پھر انتہائی دائیں بازو کے عناصر سے لاتعلقی اختیار کرنے پر زور دیا اور بالخصوص انتہائی دائیں بازو کے وزیر اتمار بن گویر کے حامیوں کو اپنی قیادت میں کسی بھی حکومت میں شمولیت کیلیے رکاوٹ قرار دیا۔
حکومت سازی کے معاملے پر ایک اور اہم اختلاف پارلیمنٹ (کنیسٹ) کے اسپیکر کے انتخاب کا ہے، جس کے لیے منگل کو ووٹنگ ہو گی۔ اس وقت یہ عہدہ نیتن یاہو کے قریبی اتحادی امیر اوہانا کے پاس ہے۔
اپوزیشن نے ان کی جگہ سابق اسرائیلی فوجی افسر اور گادی آئزنکوٹ کے انتخابی اتحاد کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آنے والے متان کہانا کو اسپیکر بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔
آئزنکوٹ نے کہا کہ اگر لیکوڈ پارٹی اور اس کے اتحادی واقعی سیاسی شراکت داری کے خواہاں ہیں تو انہیں جمہوری عمل معمول کے مطابق آگے بڑھنے دینا چاہیے اور اپنے ارکان پارلیمنٹ کو متان کہانا کی بطور اسپیکر تقرری کے حق میں ووٹ دینے کی ہدایت کرنی چاہیے۔
خیال رہے اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے 27 نشستیں حاصل کیں، تاہم ان کے مذہبی اور قوم پرست اتحادیوں سمیت حکومتی اتحاد مجموعی طور پر 53 نشستیں حاصل کر سکا، جو حکومت بنانے کیلیے درکار 61 نشستوں سے کم ہیں۔
دوسری جانب گادی آئزنکوٹ کی جماعت یاشار نے 21 نشستیں حاصل کیں جبکہ نیتن یاہو مخالف چار جماعتوں کے اتحاد کو مجموعی طور پر 48 نشستیں ملیں۔ عرب اکثریتی جماعتوں نے بھی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 19 نشستیں حاصل کیں، جو ان کی اب تک کی سب سے بڑی پارلیمانی کامیابی ہے۔


