محکمہ موسمیات نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، فجیرہ کے متعدد علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے مشرقی اور شمالی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق فجیرہ کے علاقوں سوق الجمعہ اور مربح میں 6 نومبر کو بارش ہوئی، جبکہ اس سے قبل مسافی، دفتہ، مربح، دبا، شرم اور دھدنا میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق ملک کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتہ 7 نومبر کو بھی خصوصاً فجیرہ اور کلبا میں بارش کا امکان ہے، جبکہ اتوار 8 نومبر کو شمالی اور مشرقی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟
محکمہ موسمیات کی 4 روزہ پیشگوئی کے مطابق جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں بارش ہوئی ، فجیرہ میں بھی بادل کھل کر برسے۔
گلف نیوز کے مطابق ہفتہ 7 نومبر کو فجیرہ اور کلبا سمیت مشرقی علاقوں میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے، اتوار 8 نومبر کو شمالی اور مشرقی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کا امکان، کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
پیر 9 نومبر کو مطلع جزوی ابر آلود سے ابر آلود رہنے کی توقع، ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔منگل 10 نومبر کو درجہ حرارت میں کمی اور ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
تیز ہواؤں اور سمندری صورتحال سے متعلق الرٹ
عرب میڈیا کے مطابق 9 اور 10 نومبر کو ہواؤں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس سے کھلے علاقوں میں گردوغبار اڑ سکتا ہے۔
خلیج عرب میں سمندر کی لہریں پیر کو بلند اور منگل کو بعض اوقات انتہائی بلند ہوسکتی ہیں۔عمان کے سمندر میں بھی سمندری کیفیت خراب ہونے کا امکان ہے۔
منگل کو شمال مغربی ہوائیں زیادہ شدت اختیار کرسکتی ہیں، ساحلی علاقوں میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
موجودہ پیشگوئی کے مطابق فجیرہ اور مشرقی علاقوں میں بارشوں کا امکان کم از کم اتوار 8 نومبر تک برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ 10 اور 11 نومبر کو بھی بعض علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


