بھارت میں ایک منفرد مقابلے کے دوران 2 ماہ تک نیند کا معمول برقرار رکھنے اور مختلف دلچسپ چیلنجز میں حصہ لینے والی لڑکی نے 28 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کا انعام جیت لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھریلو اشیا تیار کرنے والی کمپنی ”ویک فٹ“ کے زیر اہتمام دو ماہ پر مشتمل اس مقابلے میں ملک بھر سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں، تاہم مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو حتمی مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔
مقابلے میں شریک امیدواروں کو مقررہ معمول کے مطابق سونے، اپنی نیند کے اوقات برقرار رکھنے اور ہر ہفتے مختلف دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ شرکاء کی روزانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا اور نیند کے معیار سمیت مختلف سرگرمیوں کی بنیاد پر انہیں نمبر دیئے جاتے تھے۔
مقابلے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے امیدواروں کو کئی منفرد چیلنجز بھی دیئے گئے۔ ان میں فلموں کے مشہور مناظر کو نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنا، ایک ہفتے تک اپنی نیند کی عادات کا جائزہ لینا اور عام گفتگو کے دوران کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کے الفاظ استعمال کرنا شامل تھا۔
ہر ہفتے بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ’بہترین سلیپر آف دی ویک‘ کا اعزاز دیا جاتا تھا، جبکہ مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر امیدواروں کی درجہ بندی بھی کی جاتی رہی۔
🚨 A Mumbai woman earned ₹9.6 lakh by sleeping for 60 days in an experiment. https://t.co/mL8sHQbmBu
— Prime India (@primeindiia) November 7, 2026
مقابلے کے آخری مرحلے میں امیدواروں کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل راؤنڈ میں تمام شرکاء نے اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق تیار کردہ ماحول میں ایک رات گزاری، جس کے بعد ان کے نیند کے اسکور کی بنیاد پر حتمی فاتح کا انتخاب کیا گیا۔
اس منفرد مقابلے میں جینیا چیٹرجی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کی ’نیند کی چیمپئن‘ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے نقد انعام کے علاوہ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا، جس کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں 28 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویک فٹ نے یہ منفرد مقابلہ پہلی مرتبہ 2019 میں متعارف کرایا تھا۔ ابتدائی چار سیزنز کے دوران کمپنی کو 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اب تک 65 شرکاء کو فی کس ایک لاکھ بھارتی روپے کے انعامات بھی دیئے جا چکے ہیں۔
کمپنی کے مطابق مقابلے کا مقصد نیند کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صحت مند نیند کی عادات اپنانے کی طرف راغب کرنا ہے۔


