انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو 101 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
عمان کے الامیرات کرکٹ کرکٹ اسٹیڈیم میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 45 کے مجموعی اسکور پر گری، محمد عثمان 19 رنز بنا کر شرما کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان انڈر 19 کے اسکور میں 12 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ جہانگیر بلال بھی 22 رنز بنا کر ہمت ہار گئے، انہیں سچن بھٹ کی گیند پر چاند نے کیچ آؤٹ کیا۔
پاکستان کا مجموعی اسکور 64 پر پہنچا تو عبدالقادر چھ رنز بنا کر شرما کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ان کے بعد کپتان فرحان یوسف اور احمد حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، پاکستان کا مجموعی اسکور 199 پر پہنچا تو فرحان یوسف 74 رنز بنا کر سوشل راول کی گیند پر وکٹ کیپر شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کا مجموعی اسکور 256 پر پہنچا تو احمد حسین بھی سوشل راول کا شکار بن گئے انہوں نے شاندار 89 رنز بنائے۔ 264 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری، حسنین عباس ڈار شرما کی گیند پر 25 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 270 کے مجموعی اسکور پر گری، حمزہ ظہور 11 رنز بنا کر ابھے یادیو کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد صیام 2 رنز جبکہ رضوان اللہ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان انڈر 19 نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے اور نیپال کو 276 رنز کا ہدف دیا۔ نیپال کی جانب سے بپن شرما نے تین، سوشل راول نے دو اور ابھے یادیو اور سچن بھٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی جانب سے نیرج کمار یادیو اور سہیل کنور نے اننگز کا آغاز کیا۔ نیپال کی 48 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری، سہیل کنور احمد حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انہوں نے 14 رنز بنائے۔
نیپال کا مجموعی اسکور 60 پر پہنچا تو اس کی دوسری وکٹ گر گئی، نیرج کمار یادیو 29 رنز بنا کر احمد حسین کی گیند پر حمزہ ظہور کے ہاتھوں اسٹمپ ہو گئے۔
نیپال کا اسکور 104 ہوا تو اس کی تیسری وکٹ گر گئی، سوریانشو کوئرالہ 22 رنز بنا کر جہانگیر بلال کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیپال کا اسکور 137 پر پہنچا تو اس کی چوتھی وکٹ گر گئی، درش سونار 20 رنز بنا کر احمد حسین کی گیند پر ڈار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مجموعی اسکور میں صرف چار رنز کا اضافہ ہوا تو نیپال کے روہت چاند 37 رنز بنا کر رضوان اللہ کی گیند پر حمزہ ظہور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
4 wickets and a breezy 89, Ahmed Hussain is the player of the match against Nepal U19 🌟
#PAKvNEP | #PakistanFutureStars | #U19AsiaCup https://t.co/KAwkXAsinK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 10, 2026
146 کے مجموعی اسکور پر نیپال کی چھٹی وکٹ گر گئی، اشیش چھ رنز بنا کر محمد حذیفہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
نیپال کا مجموعی اسکور 150 پر پہنچا تو ان کا ساتواں کھلاڑی سچن بھٹ بغیر کوئی رنز بنائے محمد حذیفہ کی گیند پر ڈار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گیا۔
نیپال کے اسکور میں صرف چھ رنز کا اضافہ ہوا تو اس کی آٹھویں وکٹ گر گئی، روشان شاہی 7 رنز بنا کر احمد حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
نیپال کا اسکور 174 پر پہنچا تو اس کی نویں وکٹ گر گئی، ابھے یادیو 23 رنزبنا کر محمد صیام کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
174 کے مجموعی اسکور پر ہی سوشل راول بغیر کوئی رنز بنائے محمد صیام کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ بپن شرما ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیپال کی پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح پاکستان نے یہ میچ 101 رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد صیام اور محمد حذیفہ نے دو دو جبکہ رضوان اللہ اور جہانگیر بلال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
احمد حسین کو بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کی بنیاد پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
واضح رہے کہ گروپ اے سے دفاعی چیمپئن پاکستان ٹیم ابتدائی دو میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی تھی، آج بھارت اور یو اے ای کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی۔ گروپ بی سے افغانستان اور سری لنکا سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں۔



