بھارت کی ریاست راجستھان کی کوٹا پولیس نے ممبئی میں بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گزشتہ شب بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی کو ممبئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں اداکار تو محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور فردوس سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق کوٹا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس تیجسوانی گوتم نے تصدیق کی ہے کہ کوٹا سٹی پولیس کی ٹیم نے تینوں ملزمان کو ایک ٹرین سے گرفتار کیا۔ گرفتار افراد میں سے 2 کا تعلق ہریانہ جبکہ ایک کا تعلق ریاست بہار سے ہے۔
#WATCH | Kota, Rajasthan: Three accused, including a minor, have been apprehended by Kota Police in connection with the firing on Bollywood actor Tiger Shroff
SP Tejaswani Gautam said the accused, Rehan alias Sukka of Haryana, Hritik Kurmi alias Roshan of Bihar, and a minor, will be handed over to Mumbai Police.
— ANI (@ANI) October 19, 2026
انڈیا ٹوڈے کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت پھول سنگھ اور ریحان کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست ہریانہ کے رہائشی ہیں، جبکہ کم عمر لڑکا بہار سے تعلق رکھتا ہے۔
اس سے قبل ممبئی پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے 15 تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں جو سی سی ٹی وی فوٹیجز، فرانزک شواہد اور بیلسٹک مواد کا جائزہ لے رہی تھیں۔
پولیس نے جائے وقوع اور گاڑی کا فرانزک معائنہ بھی کیا اور شواہد جمع کیے تاکہ فائر کی گئی گولیوں کی تعداد اور واقعے کی دیگر تفصیلات معلوم کی جاسکیں۔
ٹائیگر شروف معروف بالی ووڈ اداکار جیکی شروف کے بیٹے ہیں، جنہوں نے 2014 میں فلم ’ہیروپنتی‘ سے ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ وہ بعد ازاں ’باغی‘، ’باغی 2‘ اور ’وار‘ جیسی ایکشن فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے ’میٹرکس فائٹ نائٹ‘ کی مشترکہ بنیاد بھی رکھی تھی۔
’لارنس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے کی تصدیق نہ ہوسکی‘
فائرنگ کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سامنے آئی تھی جس میں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔تاہم پولیس نے اس پوسٹ کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی یہ ثابت ہوا تھا کہ واقعے میں مذکورہ گینگ ملوث ہے۔ حکام واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے فائرنگ کے بعد ٹائیگر شروف سے رابطہ کرکے انہیں ریاستی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وزیراعلیٰ، جن کے پاس ریاست کے محکمہ داخلہ کا قلمدان بھی ہے، نے ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی سے تحقیقات میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔واقعے پر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی امن و امان کی صورت حال پر سوالات اٹھائے تھے۔


