امریکی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرانے کی سازش کے مقدمے میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
نکھل گپتا کو 30 جون 2023 کو جمہوریہ چیک (Czech Republic) کے دارالحکومت پراگ کے ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی حکومت کی درخواست پر چیک پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا، اس وقت وہ بھارت سے پراگ پہنچا تھا۔
اسے 14 جون 2024 میں امریکا کے حوالے کیا گیا اسے 17 جون 2024 میں نیویارک کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالتی کارروائی کا آغاز ہوا۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میریرو نے نیویارک کی وفاقی عدالت میں نکھل گپتا کو 235 ماہ یعنی 19 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی۔ گرپتونت سنگھ پنوں بھی سزا سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود تھے۔
نکھل گپتا پہلے ہی اپنے خلاف عائد تین الزامات کا اعتراف جرم کر چکا تھا، جن میں قتل کے لیے معاوضہ دینے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش شامل ہیں۔
امریکی استغاثہ نے عدالت سے نکھل گپتا کو 293 ماہ یعنی تقریباً 24 سال اور 5 ماہ قید کی سزا دینے کی درخواست کی تھی جبکہ ملزم کے وکلا نے 12 سال قید کی سزا دینے کی استدعا کی تھی، عدالت نے 235 ماہ قید کی سزا سنائی جو امریکی سزا کے رہنما اصولوں کے تحت مقرر کردہ 235 سے 293 ماہ کی حد کا کم ترین دورانیہ ہے۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے اپنے مؤقف میں کہا تھا کہ ملزم امریکی سرزمین پر ایک امریکی شہری کو قتل کرنے کی غیر ملکی سازش میں اہم کردار ادا کر رہا تھا اور اس جرم کی سنگینی کے مطابق سزا ضروری ہے۔
قتل کی سازش کیسے بے نقاب ہوئی؟
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 2023 میں بھارتی شہری نکھل گپتا نے ایک دوسرے شخص کے ساتھ مل کر نیویارک میں گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔امریکی استغاثہ کا الزام تھا کہ اس منصوبے میں وکاش یادو نامی شخص بھی شامل تھا، جسے امریکی عدالتی دستاویزات میں بھارتی حکومت کے ایک ملازم کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
Indian national Nikhil Gupta was sentenced to 235 months in jail by a U.S. federal judge on November 20, for his involvement in a murder-for-hire plot against a Sikh extremist on American soil.
https://t.co/EQ5BLWlwm2
— The Hindu (@the_hindu) November 20, 2026
استغاثہ کے مطابق وکاش یادو نے مئی 2023 میں نکھل گپتا کو قتل کی منصوبہ بندی کی ذمہ داری سونپی۔ گپتا نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جسے وہ مجرمانہ سرگرمیوں میں اپنا ساتھی سمجھتا تھا، لیکن وہ دراصل امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کا خفیہ مخبر تھا۔
اس خفیہ مخبر نے گپتا کا رابطہ ایک ایسے شخص سے کرایا جو بظاہر پیشہ ور قاتل تھا، لیکن حقیقت میں امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا انڈرکور افسر تھا۔
امریکی حکام کے مطابق قتل کے لیے ایک لاکھ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ 9 جون 2023 کو 15 ہزار ڈالر بطور پیشگی رقم بھی فراہم کیے گئے۔امریکی حکام نے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔
وکاش یادو کا معاملہ
اس مقدمے میں نامزد دوسرا ملزم وکاش یادو تاحال امریکی حکام کی تحویل میں نہیں ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اسے مقدمے میں شریک ملزم نامزد کیا گیا تھا تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
امریکی استغاثہ نے الزام عائد کیا تھا کہ وکاش یادو اس وقت بھارتی حکومت کے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا ملازم تھا، جس کے تحت بھارت کا خفیہ ادارہ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) بھی کام کرتا ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں کون ہیں؟
گرپتونت سنگھ پنوں امریکا اور کینیڈا کی دوہری شہریت رکھتے ہیں اور امریکا میں سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کے نمایاں رہنما ہیں۔ وہ پنجاب کو بھارت سے الگ کرکے ایک آزاد سکھ ریاست قائم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
بھارتی حکومت نے پنوں اور ان کی تنظیم سکھز فار جسٹس پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ بھارت انہیں دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ پنوں امریکی سرزمین پر اپنی سیاسی سرگرمیوں اور خالصتان کے مطالبے کے باعث بھارتی حکومت کے ناقد سمجھے جاتے ہیں۔
اس مقدمے کا ایک اہم پہلو کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل سے بھی جڑا ہے۔ ہردیپ سنگھ نجار کو 18 جون 2023 کو کینیڈا کے شہر سرے میں ایک گوردوارے کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔ امریکی عدالتی دستاویزات کے مطابق نجار کے قتل کے اگلے روز نکھل گپتا نے انڈرکور امریکی افسر سے گفتگو میں کہا تھا کہ نجار بھی نشانہ تھا اور مزید کئی اہداف موجود ہیں۔
نجار کے قتل اور پنوں کے خلاف مبینہ سازش نے شمالی امریکا میں سکھ علیحدگی پسند رہنماؤں کی سلامتی اور بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کیے تھے۔
بھارت کا مؤقف اور سفارتی اثرات
بھارت نے پنوں کے قتل کی مبینہ سازش میں حکومتی سطح پر ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ بھارتی حکومت کا مؤقف رہا ہے کہ ایسے اقدامات اس کی سرکاری پالیسی کے خلاف ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا پینل بھی قائم کیا گیا تھا۔
نکھل گپتا کو سزا سنائے جانے سے یہ مقدمہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ وکاش یادو کی گرفتاری اور مبینہ سازش میں دیگر افراد کے کردار سے متعلق سوالات تاحال موجود ہیں۔
یہ مقدمہ امریکا اور بھارت کے تعلقات میں بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ امریکی حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ ایک امریکی شہری کو قتل کرنے کی سازش میں بھارتی حکومت کا ایک ملازم بھی شامل تھا۔



