امریکی شہر میامی سے تعلق رکھنے والے معروف فٹنس انفلوئنسر لیام فٹزجیرالڈ موٹرسائیکل کے خوفناک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد 29 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سوشل میڈیا پر ایک ملین سے زائد فالوورز رکھنے والے نوجوان کی اچانک موت کی خبر نے مداحوں اور چاہنے والوں کو افسردہ کردیا۔
امریکی جریدے پیپل میگزین کے مطابق لیام فٹزجیرالڈ کو موٹرسائیکل حادثے میں شدید چوٹیں آئی تھیں، جس کے بعد انہیں بچانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ان کی گرل فرینڈ جیمی لین رینالڈی نے ہفتہ 31 اکتوبرکوانسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی، انہوں نے بتایا کہ لیام 30 اکتوبر کو رات تقریباً 2 بجے دنیا سے رخصت ہوگئے۔
View this post on Instagram
جیمی لین رینالڈی نے اپنے پیغام میں گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس نقصان کے درد کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، یہ ان تمام لوگوں کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے جو لیام سے محبت کرتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موٹرسائیکل حادثے کے نتیجے میں لیام کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں اوران کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی تاہم تمام تر کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔
واضح رہے کہ لیام فٹزجیرالڈ اور ان کی گرل فرینڈ دونوں موٹرسائیکل چلانے کے شوقین تھے اور سوشل میڈیا پر اکثر اپنی اس دلچسپی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے تھے۔
View this post on Instagram
میامی میں مقیم لیام فٹزجیرالڈ انسٹاگرام پر فٹنس، طرزِ زندگی، فیشن اور مالی معاملات سے متعلق مواد شیئر کرنے کے باعث خاصے مقبول تھے۔ ان کے اکاؤنٹ پر ایک ملین سے زائد افراد انہیں فالو کرتے تھے۔
وہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ہونے کے ساتھ پیشہ ور فٹنس کوچ بھی تھے اور لوگوں کو انفرادی ٹریننگ کی سہولت فراہم کرتے تھے ان کی اچانک موت پر مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



