وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کی ان تکالیف اور مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا ہے جن کا انہیں بیماری، خصوصاً کینسر کے علاج اور گھریلو زندگی کے دوران سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے کتنی خاموش جنگیں لڑتی ہے اور ٹوٹنے کے احساس کے باوجود اسے خود کو مضبوط رکھنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ جنگیں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو دکھائی نہیں دیتے۔
مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کہتی ہیں کہ اپنا جسم اور اپنی مرضی اور جب کینسر ہو جاتا ہے تو کوئی کہتی ہے یہاں کا کینسر ہے ، کوئی کہتی ہے وہاں کا کینسر ہے، جب تمہارا جسم ہے تو وہ ٹھیک کر لو تم۔ جسم تو رب کا ہے، پھر اس وقت کہتی ہیں کہ مولوی صاحب دعا کرو، پانی دم کرکے دو پھر دم اثر نہیں کرتا۔
Heartbreaking. 💔
The silent battles a woman, a wife, fights behind closed doors… The strength she must find even when she feels like breaking. Some battles are fought in silence, and some wounds are invisible. 💔— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 30, 2026
مریم نواز کا یہ پیغام ایک سوشل میڈیا تنازع کے تناظر میں سامنے آیا، جس میں کیپٹن (ر) صفدر سے منسوب خواتین اور کینسر کے مرض سے متعلق ریمارکس پر تنقید کی گئی۔
اس بحث میں مریم نواز کے خاندان کے ذاتی تجربے کا بھی حوالہ دیا گیا، کیونکہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 11 ستمبر 2018 کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔
والدہ کی بیماری اور انتقال کا مشکل دور
بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے دوران نواز شریف اور مریم نواز پاکستان میں قید تھے۔ جولائی 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد دونوں نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ کلثوم نواز لندن میں زیر علاج تھیں۔
11 ستمبر 2018 کو ان کے انتقال کے وقت نواز شریف اور مریم نواز پاکستان میں قید تھے۔ بعد ازاں مریم نواز کو والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی دی گئی تھی۔
اکتوبر 2022 میں نواز شریف نے بھی ایک انٹرویو میں اپنی اہلیہ کی بیماری، اہل خانہ کو پیش آنے والی مشکلات اور اس دوران پیش آنے والے واقعات کا ذکر کیا تھا۔
کینسر کی مریض خواتین کی مشکلات بھی بحث کا حصہ بن گئیں
مریم نواز کے پیغام کے بعد کینسر کے علاج سے گزرنے والی خواتین کی جسمانی اور ذہنی مشکلات پر بھی توجہ مبذول ہوئی۔
اس حوالے سے علاج کے دوران بال جھڑنے، جسمانی کمزوری، مالی مشکلات، گھریلو ذمہ داریوں اور اہل خانہ کی جذباتی معاونت کی کمی جیسے مسائل کا ذکر کیا گیا۔
مریم نواز کا پیغام خواتین کے لیے ہمدردی، احساس اور مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔



