ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت نہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق کامیابی کا تناسب 69.56 فیصد رہا۔
امتحانات میں مجموعی طورپرایک لاکھ 80 ہزار 54 طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرائی تھی، جبکہ ایک لاکھ 77 ہزار 923 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ 10 جولائی کو ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دسویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کیا تھا، جس میں کامیابی کا مجموعی تناسب 80.87 فیصد تھا، بورڈ کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 75 ہزار 200 نے شرکت کی تھی جس میں ایک لاکھ 41 ہزار688 امیدوارکامیاب قرارپائے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق جماعت نہم سائنس گروپ کے امتحانات میں شریک امیدواروں میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 757 طلبہ و طالبات نے تمام پرچوں میں کامیابی حاصل کی، نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ اور والدین اپنے تعلیمی نتائج سے متعلق تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔
ناظم امتحانات احمد خان چھٹو کے مطابق جماعت نہم سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 77 ہزار 923 امیدوار شریک ہوئے تھے، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 757 امیدوار تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے، بورڈ کی جانب سے نتائج کی تیاری اور اعلان کے مراحل میں شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسرمشرف علی راجپوت نے نتائج کے اعلان کے موقع پر کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کی، نتائج میں شفافیت بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پروفیسرمشرف علی راجپوت نے کہا کہ طلبہ کی محنت اور تعلیمی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے امتحانی نتائج مرتب کرنا اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کامیاب امیدواروں اوران کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ طلبہ آئندہ تعلیمی مراحل میں بھی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے نتائج کے اعلان کے ساتھ کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعلیمی معیار اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


