کراچی، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی (میٹرک بورڈ) نے دسویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
نتائج کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب 80.87 فیصد رہا، جبکہ ہزاروں طلبہ نے نمایاں گریڈز حاصل کیے۔
بورڈ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امتحانات کے لیے ایک لاکھ 76 ہزار 152 طلبہ رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 75 ہزار 200 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ان میں ایک لاکھ 41 ہزار 688 طلبہ کامیاب قرار پائے، جبکہ 29 ہزار 655 طلبہ مطلوبہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
نتائج کے مطابق 35 ہزار 529 طلبہ نے اے ون گریڈ، 51 ہزار 22 نے اے گریڈ، 34 ہزار 910 نے بی گریڈ جبکہ 17 ہزار 153 طلبہ نے سی گریڈ حاصل کیا، جو مجموعی طور پر بہتر تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔
سالانہ امتحانات میں محمد اذلان ولد معراج احمد نے 1040 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ رجا کامران بنت کامران نے 1034 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ عائشہ عدنان بنت عدنان سلیم نے 1033 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
میٹرک بورڈ حکام نے پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ نے سخت محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
جامعات کے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری
بورڈ کے مطابق طلبہ اپنے تفصیلی نتائج بورڈ کی ویب سائٹ اور متعلقہ مراکز سے بھی حاصل کر سکتے ہیں، نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب طلبہ اور ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میٹرک بورڈ کے رواں سال کے نتائج میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اعداد و شمار کے مطابق 2026ء میں 35 ہزار 529 طلبہ نے اے ون گریڈ حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 5 ہزار زیادہ ہیں۔
2025ء میں ایک لاکھ 72 ہزار 391 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے، جن میں 30 ہزار 154 طلبہ اے ون گریڈ لینے میں کامیاب رہے۔
اسی طرح 2024ء میں ایک لاکھ 63 ہزار امیدواروں میں سے 23 ہزار 943 طلبہ نے اے ون گریڈ حاصل کیا تھا۔
