محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے، نئے اوقات کار 16 اکتوبر 2026سے 31 مارچ 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔
محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے شیڈول میں سنگل شفٹ اور ڈبل شفٹ اسکولوں کے اوقات الگ الگ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ جمعہ کے روز تدریسی سرگرمیوں کے اختتام کا وقت بھی مختلف ہوگا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیرسے جمعرات تک صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے اوردوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر چھٹی ہوگی، جمعہ کے روز ان اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوجائیں گی۔
اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ کے اوقات بھی تبدیل کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک صبح کی شفٹ صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گی جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ کا اختتام دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں دوسری شفٹ کے لیے بھی نئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ پیر سے جمعرات تک دوسری شفٹ دوپہر ایک بج کر 30 منٹ سے شام 4 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی۔ جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہوگی اور شام 4 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوگی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور متعلقہ اسکولوں کو شیڈول سے آگاہ کریں۔
نوٹیفکیشن میں طالبات کے اسکولوں کے اوقات کار میں بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ متعلقہ سی ای اوز ایجوکیشن ضرورت کے مطابق طالبات کے اسکولوں کے اوقات میں 15 منٹ کا فرق ایڈجسٹ کرسکیں گے۔
نئے شیڈول کا اطلاق مقررہ تاریخ سے ہوگا اور یہ 31 مارچ 2027 تک برقرار رہے گا۔ اس اقدام کے تحت سنگل اور ڈبل شفٹ اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کے اوقات مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔



