امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن فراڈ کی اطلاع دینے والوں کیلئے 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کر دیا۔
ٹرمپ کا تازہ اعلان انتخابات سے قبل کیے گئے غیر معمولی وعدوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت برقرار رکھنے کی صورت میں ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ اس منصوبے پر ایک کھرب ڈالر سے زیادہ لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور اس کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہو گی۔
صدر ٹرمپ نے ٹرمپ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جو شخص بھی وسط مدتی انتخابات میں ووٹر فراڈ سے متعلق خبر دے گا اگر اس کے نتیجے میں فراڈ کرنے والے کی گرفتاری اور اسے سزا ہو گئی تو خبر دینے والے کو 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔
Anybody reporting Voter Fraud in the past Elections, or the upcoming 2026 Midterm Election, will be paid $1,000,000 upon the arrest and conviction of those that created the Fraud! Thank you for your attention to this matter. President DONALD J. TRUMP
( TS: Oct 26 2026, 3:31 PM ET )
— Commentary Donald J. Trump Truth Social Posts On X (@TrumpTruthOnX) October 26, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے وسط مدتی انتخابات داخلی سیاسی اعتبار سے اہم ہیں کیونکہ انتخابی نتائج کانگریس میں ان کی جماعت کی پوزیشن اور آئندہ حکومتی پالیسیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ طویل عرصے سے امریکی انتخابی نظام اور انتخابی نتائج پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ 2020 کے صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اور نتائج ان کے خلاف تبدیل کیے گئے تاہم اس حوالے سے قابل اعتماد شواہد سامنے نہیں آئے جو ان کے دعوؤں کو ثابت کر سکیں۔
اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی عوام نیتن یاہو کو ووٹ دیں تاکہ ہم نے مل کر جو کام شروع کیا وہ پورا کر سکیں۔
امریکی صدر نے نیتن یاہو کو ان کے معروف عرفی نام ”بی بی“ سے مخاطب کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی جنگجو وزیراعظم قرار دیا۔ اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کو دونوں ممالک کے باہمی تعاون کی مثال کے طور پر پیش کیا۔



