پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس کی قیادت منیبہ علی کریں گی جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
پی سی بی کے مطابق ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کی متعدد کھلاڑیوں نے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
اسکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبیٰ حسن اور ام ہانی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ فاسٹ باولرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
Pakistan squad announced for ICC Women’s Emerging Nations Trophy
Details here ➡️ https://t.co/ucGwt8brsf
#BackOurGirls https://t.co/GPvKI527Zz
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 27, 2026
10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلی جائے گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کا مقصد خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، جس کے پہلے ایڈیشن میں 8 ایسوسی ایٹ ٹیموں نے حصہ لیا اور تھائی لینڈ نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
دوسرے ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 10 کردی گئی ہے، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، آئرلینڈ اور زمبابوے جیسی ٹیموں کے ساتھ ایسوسی ایٹ ممالک بھی شامل ہیں۔



