ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے ’امریکی جارحیت کے جواب میں‘ کارروائی کے دوسرے مرحلے کے دوران بحرین میں امریکی ارلی وارننگ ریڈار کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
گزشتہ 7 روز کے دوران بحرین میں امریکی ریڈار پر ایران کا یہ دوسرا حملہ ہے۔ جمعہ کو کیے گئے حملے میں پاسداران انقلاب نے یہ ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے 2 ایرانی ڈرونز کو روک لیا تھا اور اس کارروائی میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس حملے کے بارے میں پاسدارانِ انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر امریکی فضائی حملے کے جواب میں کی۔
ایرانی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے آج جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ داغے گئے ڈرونز نے ’درست نشانہ لگایا‘ اور ان کے حملوں کی آواز بحرین کے مختلف علاقوں میں سنی گئی۔ بیان کے مطابق اس مرحلے میں گزشتہ مرحلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں ڈرون امریکی اہداف کی جانب بھیجے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے محدود اور غیر امتیازی کارروائیاں کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور امریکی حملوں کا جواب پہلے سے زیادہ سخت کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔
ایرانی بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر جارحانہ اقدام کا جواب سخت اور سوچ سمجھ کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی تعینات ہے۔ اس حملے سے قبل بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ایکس پر ممکنہ خطرات سے متعلق 2 الگ الگ الرٹس جاری کیے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ستمبر کے بعد بحرین کی جانب سے اس نوعیت کی یہ پہلی وارننگز ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو پُرسکون رہنے اور قریب ترین محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کی، تاہم خطرات کی نوعیت یا مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی جانے والی جنگ کے بعد ایران نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا جس دوران سعودی عرب اور قطر کی حدود میں بھی حملے کیے گئے تھے۔
اگرچہ مڈ ٹرم انتخابات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں سے متعلق دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ کافی حد تک موقوف کر رکھا ہے تاہم پاکستان اور قطر جیسے ممالک کی ثالثی کی کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ لگ بھگ 9 ماہ گزرنے کے باوجود بھی ٹھنڈی نہیں پڑی۔



