قومی کرکٹرصائم ایوب کوپاکستانی اسکواڈ سے ریلیز کرکے ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو سہ ملکی ون ڈے سیریز میں شامل کرلیا گیا ۔
گزشتہ روز سفیان مقیم کو بھی سہ ملکی ون ڈے سیریز سے ریلیز کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق فیصلہ صائم ایوب کی درخواست پر کیا گیا ، کرکٹر ڈومیسٹک کرکٹ میں بیٹنگ فارم بحال کرنا چاہتے ہیں،ان کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں،صائم ایوب کوڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
صاحبزادہ فرحان اس وقت پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہیں، سری لنکا کیخلاف حالیہ سیریز میں ان کی کارکردگی لاجواب رہی،یہ سیریز پاکستان نے 1-2 سے جیتی، 3 میچز میں 238 رنز بنا کر وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
سہ ملکی سیریز میں مایوس کن کارکردگی
صائم ایوب کی سہ ملکی سیریز میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے ، سری لنکا کیخلاف پہلے میچ میں وہ صرف 7 رنز بنا سکے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کی ۔
انگلینڈ کیخلاف دوسرے میچ میں بھی ان کا بلا نہیں چلا اور صرف 8 رنز بنا پائے،کوئی وکٹ بھی ان کے حصے میں نہ آئی ۔
گزشتہ روز انگلینڈ کیخلاف تیسرے میچ میں وہ صرف 6 رنز بنا سکے، کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کی۔اس طرح سہ ملکی سیریز کے 3 میچز میں صائم ایوب صرف 21 رنز بنا سکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم سیریز میں اب تک ناقابلِ شکست ہے اور اپنے 3 میچز جیت کر فائنل میں پہنچ چکی ہے، گرین شرٹس نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 37 رنز سے ہرایا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔
تیسرے میچ میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دیکر گرین شرٹس نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔


