پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بال ٹیمپرنگ کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے بیان پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے گزشتہ روز سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی جانب سے 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے واقعے کی منصوبہ بندی میں خود سمیت پوری ٹیم کے ملوث ہونے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے اس دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے نسلی پس منظر اور رنگت کی وجہ سے انہیں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کا موقع نہیں دیا گیا۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پیٹ کمنز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بولرز کو پتہ ہوتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں، پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ وہ اس میں ملوث نہیں تھے اور نہ ہی سینڈ پیپر کا معلوم تھا۔
My two cents on the sandpaper issue. https://t.co/ig3HcQpkdK
— Wasim Akram (@wasimakramlive) November 14, 2026
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میرے دوست پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ اس حوالے سے نہیں جانتے، شاید ٹیم کو اس وقت پتا نہ ہو کہ کیا ہو رہا ہے، یہ میری رائے ہے جو غلط بھی ہو سکتی ہے اور ٹھیک بھی۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ بطور بولر آپ گیند کا خیال کرتے ہیں، گیند کی ایک سائیڈ رگڑنے اور باؤنس ہونے سے اسکریچ پڑ جاتے ہیں، مگر سینڈ پیپر کے اسکریچز گیند کے باؤنس سے بننے والے اسکریچز سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ بطور تجربہ کار بولر جب گیند ہاتھ میں آتی ہے تو پتا چل جاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے، امید ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2018ء میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔
عثمان خواجہ نے منگل کو شائع ہونے والی اپنی خودنوشت میں دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے نسلی پس منظر اور جلد کی رنگت نے قومی ٹیم کا کپتان بننے کے امکانات کو متاثر کیا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں 100 فیصد درست قرار دیا تھا۔
David Warner has turned the blowtorch on Pat Cummins following Friday’s remarkable 70-minute press conference – saying his former captain threw Usman Khawaja ‘under the bus’.
MORE ▶️ https://t.co/bcbKIlcTbP https://t.co/DnotQy3dYD
— CODE Cricket (@codecricketau) November 13, 2026
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ انہیں عثمان خواجہ کے لیے افسوس ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ کپتان نے اپنے سابق ساتھی کو تنقید کا نشانہ بنا کر ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔



