پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان اور حارث رؤف نے سہ ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں دسویں وکٹ کی سب سے بڑی ناقابلِ شکست شراکت کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دونوں کھلاڑیوں نے 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور ون ڈے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچا دیا۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں کامیاب ہدف کے تعاقب کے دوران دسویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ڈیرک مرے اور اینڈی رابرٹس کے پاس تھا، جنہوں نے 1975ء میں پاکستان کے خلاف 64 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی تھی۔
لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام ہو گئی تھی ، پاکستنی ٹیم 154 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی تھی، جس کے بعد شاداب خان اور حارث رؤف نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ پاکستان نے 48 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔
شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز کی اننگ کھیلی جس میں شاندار 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، یہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں یہ پہلی سنچری ہے۔
شاداب خان نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے سمی سنگھ اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز کے پاس تھا، جنہوں نے آٹھویں نمبر پر ناقابلِ شکست 100، 100 رنز بنائے تھے۔



