نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست ترابا کے گاؤں بناری میں ایک گاؤں پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے۔
نائیجیریا کے شمال مغربی علاقوں خصوصاً زمفارا، کاتسینا، کدونا اور سوکوٹو میں مسلح جرائم پیشہ گروہ، جنہیں مقامی طور پر ”بینڈیٹس“ یعنی ڈاکو کہا جاتا ہے، دیہات پر دھاوے بولتے، شہریوں کو تاوان کے لیے اغوا کرتے، مویشی چراتے اور املاک لوٹتے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے حوالے سے بتایا کہ مسلح افراد نے حملہ جمعہ کی سہ پہر کیا ، موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کی اور دکانوں سے اشیائے خوردونوش لوٹ لیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم ہفتے کے روز مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی آمد سے پہلے حملہ آور فرار ہو چکے تھے، تاہم علاقے میں امن و امان بحال کرنے کے لیے پولیس کا گشت جاری ہے۔
خیال رہے نائیجیریا کو گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی کے سنگین بحران کا سامنا ہے، جہاں مسلح گروہ، شدت پسند تنظیمیں اور جرائم پیشہ گروہ شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
ملک کے شمال مشرقی علاقوں، خصوصاً بورنو، یوبے اور اڈاماوا میں شدت پسند تنظیمیں بوکو حرام اور اس سے الگ ہونے والی تنظیم اسلامک اسٹیٹ ویسٹ افریقہ پروونس طویل عرصے سے حملے کر رہی ہیں۔ ان گروہوں کے حملوں میں فوجی تنصیبات کے علاوہ دیہات، بازار، عبادت گاہیں اور تعلیمی ادارے بھی نشانہ بنتے رہے ہیں۔


