ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو اسپین میں 2026 کے باوقار پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ فار اسپورٹس سے نواز دیا گیا، جس کے بعد وہ انفرادی حیثیت میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔
لیونل میسی کو رواں سال جون میں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے رائٹرز کے مطابق لیونل میسی کے سابق کلب ایف سی بارسلونا نے تاریخی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میسی کا غیر معمولی ٹیلنٹ، میدان کے اندر اور باہر ان کی کارکردگی، کھیل سے وابستگی اور سماجی خدمات قابل فخر ہیں۔
Messi inventó el AURA.
https://t.co/uikJjPJGYp— Team Leo Messi (@TeamLeoM) October 24, 2026
کلب نے کہا کہ میسی کے ساتھ اس کا تعلق ہمیشہ فخر کا باعث رہے گا۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال ایف سی بارسلونا کے ساتھ گزارے، جہاں انہوں نے متعدد ملکی اور یورپی ٹرافیاں جیتیں۔ 2021 میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد وہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے، جبکہ اس وقت امریکی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
میسی اب تک ریکارڈ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی آر ایوارڈ جیت چکے ہیں، جبکہ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے فٹبال ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا۔
یاد رہے کہ پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈز 1981 میں قائم کیے گئے تھے اور انہیں ہسپانوی زبان کی دنیا کے ممتاز اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیئے جانے والے اس ایوارڈ کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی شامل ہے۔



