محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور دن کے دوران گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان، خضدار، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بارش ہوسکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Daily National Weather Forecast |11-10-2026
#PMD #Weather #Forecast #Pakistan https://t.co/MFJDPrhCb8— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) October 11, 2026
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات جبکہ کشمیر اور بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش منڈی بہاؤالدین میں 43 ملی میٹر ہوئی۔
پنجاب میں بھکر میں 34، چکوال میں 26، گجرات اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 19، ساہیوال میں 15 اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ شہر میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔
لیہ، جھنگ، بہاولنگر اور خانیوال میں 13، نارووال اور قصور میں 9، جبکہ فیصل آباد، حافظ آباد اور جوہرآباد میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مری اور منگلا میں 5، کوٹ ادو، سرگودھا اور اٹک میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر 2 ملی میٹر جبکہ لاہور شہر میں معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے چکلالہ، شمس آباد، کچہری اور گوالمنڈی میں ایک، جبکہ شیخوپورہ میں بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد کے سیدپور میں 6 ملی میٹر جبکہ بوکرا، زیرو پوائنٹ اور ایئرپورٹ پر ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔



