ایکواڈور کے شہر گوایاکل میں عبادت کی براہِ راست نشریات کے دوران دیوار پر نصب لکڑی کی بھاری صلیب گرنے سے کیتھولک پادری جان کی بازی ہار گئے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکی ٹی وی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق پادری پیٹریسیو الفریدو سانچیز مولیناری ہفتہ 17 اکتوبر کو چرچ نوسٹرا سینیورا ڈیل سوکورو میں عبادت کروارہے تھے کہ اسی دوران ان کے پیچھے لگی صلیب اچانک دیوار سے الگ ہو کر ان کے سر پر آ گری اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
وائرل ویڈیو میں کیا نظر آرہا ہے؟
ویڈیو میں سانچیز مولیناری چرچ میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ صلیب ان کے سر سے ٹکرا کر فرش پر گرتی ہے، جس کے بعد کئی عبادت گزار ان کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ ایک خاتون کو ایمبولینس بلانے کے لیے کہتے سنا جا سکتا ہے، پھر چرچ کی براہِ راست نشریات بند کر دی گئیں۔ یہ واقعہ نشریات شروع ہونے کے تقریباً 27 منٹ بعد پیش آیا۔
Catholic priest Patricio Alfredo Sánchez Molinari was killed when a crucifix fell on him during a service in Ecuador. Congregants tried to help, but he died from his injuries. https://t.co/u2b4DaZPok
— Breaking911 (@Breaking911) October 18, 2026
کوسٹا ریکا کے خبر رساں ادارے ’سی آر ہوئے‘ کے مطابق امدادی عملہ چند منٹ میں موقع پر پہنچا اور پادری کی موت کی تصدیق کر دی۔
چرچ کی مقامی انتظامیہ آرچ ڈایوسیس نے فیس بک اور انسٹاگرام پر جاری بیان میں پادری کی وفات کا اعلان کیا۔
واقعے کی تحقیقات جاری
کوسٹاریکا کے ٹی وی چینل ٹیلی ٹیکا کے مطابق چرچ اور پولیس حکام صلیب گرنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، تاکہ عمارت کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ تاحال نہ عمارت کی ساخت میں کسی خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے اور نہ یہ معلوم ہو سکا ہے کہ صلیب کو دیوار سے جوڑنے کا انتظام کیوں ناکام ہوا۔
