سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرکے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے پنج پائی میں دہشتگردوں کی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش ناکام بنا کر 5 دہشتگرد ہلاک کر دیئے، ان دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے، اس کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
علاوہ ازیں خضدار میں آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، اس آپریشن کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
دہشتگردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی اور بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
’دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشتگردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ریاست دشمن عناصر بلوچستان کے امن اور عوام کے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، حکومت بلوچستان امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔



