بلوچستان کے ضلع بارکھان میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے پر ڈیپارٹمنٹ نے بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران ڈیپارٹمنٹ کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ اس دوران ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ‘ردالفتنہ۔3’ کے تحت فورسز بشمول پولیس اور سی ٹی ڈی بلوچستان سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔
بدھ کے روز سکیورٹی فورسز نے مستونگ کےعلاقوں سیاپشت اورکلی گشتری میں آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کیے ار ان کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد کیا۔
اسی طرح 3 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے گورندر اور ماشکیل میں کارروائیوں کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ماشکیل میں چیک پوسٹ پرفائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
