امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پریس سیکرٹری کیٹی زکاریا کو عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں برطرف کر دیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق معاملے سے واقف افراد نے ان کی برطرفی کی اطلاع دی جبکہ ان کی قانونی قابلیت اور پہلے پریس بریفنگ میں کارکردگی پر ہونے والی تنقید نے تنازع کو جنم دیا تھا۔
کیٹی زکاریا نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں جبکہ منگل کو ان کی پہلی پریس بریفنگ ہوئی، بریفنگ 15 منٹ سے بھی کم جاری رہی اور انہوں نے صرف تین صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔ اس کے بعد ان کے قانونی پس منظر اور خود کو وکیل ظاہر کرنے سے متعلق سوالات نے امریکی میڈیا میں توجہ حاصل کی۔
بار امتحان میں ناکامی نے تنازع کو جنم دیا
رائٹرز کے مطابق کیٹی زکاریا نے پیپرڈائن یونیورسٹی کے قانون کے شعبے سے 2011 میں ڈگری حاصل کی تھی تاہم رائٹرز کو امریکی کسی بھی ریاست یا ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں ان کی بطور وکیل رجسٹریشن کا ریکارڈ نہیں ملا۔
زکاریا نے جمعرات کو فاکس نیوز کے پروگرام ”ہینیٹی“ میں تسلیم کیا کہ وہ کیلیفورنیا کا بار امتحان پاس نہیں کر سکیں اور انہوں نے دوبارہ امتحان بھی نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت چین منتقل ہونے کی تیاریوں کے باعث امتحان کے نتائج ان کے لیے زیادہ اہمیت نہیں رکھتے تھے۔
ٹرمپ کا ردعمل: عہدے پر رہنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں
صدر ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے زکاریا کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس عہدے پر رہنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔ ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے زکاریا سے کہا کہ یہ کام آسان نہیں اور انہیں سوچنا چاہیے کہ آیا وہ اس دباؤ میں خوش رہ سکیں گی یا نہیں۔
View this post on Instagram
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ زکریا کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ نئے پریس سیکرٹری کی تقرری کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
پس منظر: وائٹ ہاؤس میں مختصر ترین ادوار میں سے ایک
زکاریا کی رخصتی نے صدر ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ کے سابق کمیونیکیشن ڈائریکٹر انتھونی اسکاراموچی کے مختصر دور کی یاد تازہ کردی، جنہوں نے 10 دن تک یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔
زکاریا کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی تھی جب نومبر کے وسط مدتی انتخابات قریب ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ اپنی پالیسیوں اور کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کرنا چاہتی ہے، رائٹرز کے مطابق، ٹرمپ چاہتے تھے کہ نئی ترجمان میڈیا کوریج میں انتظامیہ کی کامیابیوں کو نمایاں کریں۔



