گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمارا بنیادی ہدف ہے اور وفاق سے محاذ آرائی نہیں چاہتے۔
ولی باغ چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا، خیبرپختونخوا کی شناخت دہشت گردی کے بجائے امن ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 2008 سے 2013 تک عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے میں امن بحال کیا، جبکہ 2013 کے بعد خیبرپختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ 13 سال سے کوشش تھی کہ کوئی صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرے۔ جبکہ ماضی میں اسلام آباد کے ساتھ بات چیت گالم گلوچ کی نذر ہو جاتی تھی، لیکن اب صوبے کے مسائل اور مطالبات دلیل کے ساتھ پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر مسائل پر بات کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ اور ہم وفاق کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتے بلکہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں صوبے کے لوگوں سے دہشت گردی کے بجائے امن کے بارے میں سوال کیا جائے۔ اور خیبرپختونخوا کی شناخت دہشتگردی نہیں بلکہ امن ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا گیس، معدنیات، سیاحت اور تمباکو سمیت بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ صوبے کے وسائل کو بروئے کار لا کر ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جائے گی۔



