وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ماضی کی تاریخ بھیانک ہے اور اس بار انہوں نے مکمل خونریزی کا پروگرام بنایا ہوا تھا۔
گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی مجبوری کے تحت نافذ کی، حکومت صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دونوں وزرائے اعلیٰ کو صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا اور انہیں دہشت گردی کے خلاف مل کر چلنے کا کہا تھا، تاہم تعاون کے بجائے لانگ مارچ کیے گئے اور دھمکیاں دی گئیں۔ دھرنوں کے باعث پورے پاکستان کا نظام مفلوج ہوجاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اور ایسے حالات میں صوبے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ دھرنوں کے باعث پورے پاکستان کا نظام مفلوج ہو جاتا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی ماضی کی تاریخ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ اس بار ان کا مکمل خونریزی کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ اس لیے ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے تھے، اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا تاہم صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدگی سے حاضر ہیں۔
’ہچکولے کھاتی معیشت اب سنبھل چکی ہے‘
وزیراعظم نے کہا کہ پورے خطے میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے، جبکہ حکومت نے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی ہے۔ ہچکولے کھاتی معیشت اب سنبھل چکی ہے اور ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم محمود بشیر ورک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی شفیق انسان تھے اور سیاست کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



