زمبابوے کی سابق فاسٹ بولر اور بین الاقوامی کرکٹ امپائر سارہ ڈمبانیوانا 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
کرک انفو کے مطابق وہ پیر کے روز دارالحکومت ہرارے میں وفات پا گئیں، وہ رواں سال مارچ میں ایک طبی عمل سے گزرنے کے بعد سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
سارہ ڈمبانیوانا نے بطور کھلاڑی اور امپائر کرکٹ میں زمبابوے کی نمائندگی کی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کا امپائرنگ کیریئر کئی اہم عالمی مقابلوں پر مشتمل تھا، جہاں انہوں نے خواتین کی کرکٹ میں نمایاں ذمہ داریاں نبھائیں۔
سارہ ڈمبانیوانا کے سینئر بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2 ستمبر 2023 کو ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور بھارت و سری لنکا میں کھیلے گئے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
وہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے لیے مقرر کردہ امپائرز اور میچ آفیشلز کے تاریخ ساز مکمل خواتین پر مشتمل پینل کا حصہ بھی تھیں۔ یہ ان کے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔
اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا میں منعقدہ انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں امپائرنگ کی تھی۔ اس اعزاز کے ساتھ وہ کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرنے والی زمبابوے کی پہلی خاتون بن گئی تھیں۔
63 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی
سارہ ڈمبانیوانا نے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 63 سینئر انٹرنیشنل میچز میں ذمہ داریاں انجام دیں۔ ان میں خواتین کے 42 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، 11 ون ڈے انٹرنیشنل اور مردوں کے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملکی کرکٹ اور عالمی یوتھ ٹورنامنٹس میں بھی امپائرنگ کی۔
کھلاڑی کی حیثیت سے بھی زمبابوے کی نمائندگی کی
امپائرنگ سے قبل سارہ ڈمبانیوانا نے 2009 سے 2014 کے دوران زمبابوے کی جانب سے بطور فاسٹ بولر کرکٹ کھیلی۔ اس عرصے میں وہ 2011 کے ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی شریک ہوئیں۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں 2022 میں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے امپائرز کے ڈیولپمنٹ پینل میں شامل کیا گیا تھا، کھیل کے دونوں شعبوں میں ان کی خدمات نے زمبابوے کی خواتین کرکٹ میں اہم مقام حاصل کیا۔



