حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 8 اکتوبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کر دیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 396 روپے 65 پیسے ہو گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 91 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 394 روپے 94 پیسے پر آ گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 8 اکتوبر کے لیے کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 93 سینٹ، یعنی 0.92 فیصد اضافے کے بعد 101.51 ڈالرز فی بیرل ہوگئی۔
اس کے علاوہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 82 سینٹ یعنی 0.92 فیصد اضافے سے 90.25 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ امریکی تیل پیدا کرنے والے علاقوں سے سپلائی متاثر ہونے کے خدشات اور یمنی حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے ہیں۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی سپلائی میں اضافہ بھی جاری ہے۔


