ڈی آئی خان میں قریشی موڑ بائی پاس روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ایف بی آر کے انفورسمنٹ اسکواڈ کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔
ایف بی آر ترجمان کے مطابق انفورسمنٹ اسکواڈ کے تین اہلکار قریشی موڑ بائی پاس روڈ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان شہید ہوگئے، جبکہ سپاہی اظہار اللہ محفوظ رہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران ایف بی آر اہلکاروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ کی فائرنگ کی مذمت
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈی آئی خان میں ایف بی آر انفورسمنٹ اسکواڈ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت
محمد اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل پیروی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ انفورسمنٹ کے فرائض انجام دینے والے ایف بی آر اہلکاروں کو حکومت کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں ایف بی آر اہلکاروں کے عزم اور فرض شناسی کو بھی سراہا۔



