خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کیخلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرکے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کرکے کارروائی کی۔ شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد زخمی بھی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت کی سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف
دریں اثناء صدرِ مملکت آصف زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



